پشاور :خلیجی ملک سے آنے والے ایک شخص میں منکی وائرس کی تصدیق

0
44
monke pox

پاکستان میں منکی پوکس کے کیسز کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جب کہ پشاور سے تعلق رکھنے والے ایک اور شخص میں اس وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔ وزارتِ صحت کے ترجمان کے مطابق یہ شخص حال ہی میں ایک خلیجی ملک سے واپس آیا تھا۔ترجمان وزارتِ صحت نے مزید بتایا کہ اس شخص میں 29 اگست کو منکی پوکس کی علامات ظاہر ہوئیں، جس کے بعد بارڈر ہیلتھ سروسز نے فوری طور پر اسے آئسولیٹ کر دیا تھا۔ اس مریض کا مکمل معائنہ کیا گیا اور منکی پوکس کی تصدیق ہونے پر ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کی گئیں۔
اس نئے کیس کے سامنے آنے کے بعد پاکستان میں منکی پوکس کے کیسز کی مجموعی تعداد 4 ہو گئی ہے۔ اس سے پہلے تین کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، جن کے بعد ملک بھر میں اس وبا کے حوالے سے خدشات میں اضافہ ہو رہا ہے۔وزارتِ صحت کے اعلیٰ عہدیدار ڈاکٹر مختار بھرتھ نے کہا کہ تمام ایئرپورٹس پر اسکریننگ کے مؤثر نظام کو یقینی بنایا گیا ہے تاکہ اس وائرس کی روک تھام کی جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے منکی پوکس سے بچاؤ کے لیے مؤثر اقدامات کیے ہیں اور وفاقی و صوبائی حکومتیں مل کر ہر ممکن کوشش کر رہی ہیں کہ صورتحال پر قابو پایا جا سکے۔
ڈاکٹر مختار بھرتھ نے یقین دہانی کرائی کہ وزارتِ صحت مسلسل صورتحال کی مانیٹرنگ کر رہی ہے اور ضرورت پڑنے پر مزید اقدامات کیے جائیں گے۔ عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ اس وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔واضح رہے کہ منکی پوکس ایک وائرس ہے جو کہ زیادہ تر جانوروں سے انسانوں میں منتقل ہوتا ہے، تاہم انسان سے انسان میں منتقلی بھی ممکن ہے۔ اس بیماری کی علامات میں بخار، سر درد، جسم میں درد اور جلد پر دانے شامل ہیں۔ وزارتِ صحت کی جانب سے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اپنانے اور کسی بھی مشتبہ علامات کی صورت میں فوری طور پر طبی مشورہ لینے کی تاکید کی گئی ہے۔

Leave a reply