نیب رپورٹ: مونس الٰہی کےبینک اکاؤنٹس میں لاکھوں کی غیرملکی کرنسی منتقل ہونےکا انکشاف

پرویز الٰہی کی بہو زہرہ الہی نے بھی گجرات میں 153 ملین روپے سے 748 کنال اراضی خریدی
FIA

لاہور: پرویز الٰہی کے وزیراعلیٰ بننے کے بعد ان کے صاحبزادے مونس الٰہی کے بینک اکاؤنٹس میں لاکھوں کی غیر ملکی کرنسی منتقل ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

باغی ٹی وی: مونس الٰہی کے خلاف نیب انکوائری رپورٹ میں انکشافات ہوئے ہیں کہ پرویز الہی کے وزیراعلی بننے کے بعد مونس کے مختلف اکاؤنٹس میں 82 کروڑ سے زائد رقم جمع ہوئی نیب رپورٹ میں کہا گیا کہ مونس الٰہی کے اکاؤنٹس میں 10 لاکھ 84 ہزار یوروز جب کہ ایک لاکھ پاؤنڈ اور پاکستان سمیت دیگر کرنسی بھی منتقل کی گئی۔

نیب رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ گجرات میں مختلف ٹھیکوں کے دوران بھی رقم مونس الٰہی کے اکاؤنٹس میں جمع ہوئی، منتقل کی گئی رقم بظاہر رشوت اور کک بیکس کی ہے پرویز الٰہی کی بہو زہرہ الہی نے بھی گجرات میں 153 ملین روپے سے 748 کنال اراضی خریدی، البتہ مونس الٰہی تاحال کیس میں شامل تفتیش نہیں ہوئے۔

دوسری جانب مسلم لیگ ن کے رہنما عطااللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ پرویز الٰہی کے وکلا یہ دعویٰ کر رہے ہیں کہ وہ پولیس افسران کو سزائیں دلوا کر رہیں گے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر جاری ویڈیو بیان میں عطااللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ وکلا دعویٰ کر رہے ہیں کہ ان کی بات ہو گئی ہے، کورٹ نوٹس کرے گی اور پولیس افسروں کو توہین عدالت پر سزائیں سنائے گی۔


انہوں نے کہا کہ اربوں روپے کی کرپشن کرنے والے اس شخص نے ہمیشہ یہ بھڑکیں ماریں کہ میں نے عدالتوں کو مینج کرلیا ہے، اب اگر ان کے وکلا وقت سے پہلے یہ کہہ رہے ہیں کہ جج صاحب کل ہی پولیس افسران کو سزائیں دے دیں گے تو یہ سسٹم پر بہت بڑا سوالیہ نشان ہے کہ وہ کرپشن کا پیسہ جاتا کہاں ہے، جو 2300 ارب روپے کی کرپشن کی گئی ہے۔

لیگی رہنما نے ویڈیو کے کیپشن میں لکھا کہ پرویز الٰہی کے وکلا اور لاہور ہائیکورٹ کے جج کے درمیان کیا طے پایا؟ اربوں روپے کے ڈاکے مارنے والے کی رہائی کی خاطر توہین عدالت لگانے کی ڈیل ہوئی پہلی دفعہ کسی جج نے پولیس کو کہا کہ گھر چھوڑ کے آؤ، یہ تاریخی کرپشن پر تاریخی ریلیف ہے۔

Comments are closed.