لاہور: سابق وفاقی وزیر اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے بلاول بھٹو کی تقریر اور الزامات پر بیان جاری کیا ہے-
باغی ٹی وی: سماجی رابطے کی سائٹ پر خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ وزیراعظم کے منصب سے بڑھتا ہوا فاصلہ پیپلزپارٹی کے چیئرمین کی ناراضی کی واحد وجہ ہے، بلاول بھٹو دل چھوٹا نہ کریں بلکہ ہمت کریں اور سندھ حکومت کی کارکردگی و انتخابی منشور پر انتخابات لڑیں۔
خواجہ سعد رفیق نے سابق اراکین اور سیاست دانوں کی ن لیگ میں شمولیت کےحوالے سے بلاول کے بیان پر کہا کہ حکومت بنانے کیلیے منتخب نمائندوں یا اراکین کی بیساکھیوں کی ضرورت پڑتی ہے، یہی کام ماضی میں پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی بھی کرچکی ہے،اگر موقع ملا تو سندھ کے شہروں کو لاہور اور فیصل آباد جیسا بنائیں گے، سندھ سے سسٹم کی نجات ضروری ہے۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی نے سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا
واضح رہے کہ پشاور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی اپنے اصولوں سے پیچھے نہیں ہٹے گی اور کوئی اس بھول میں نہ رہے کہ کسی کو وزیراعظم بنا دیا جائے تو ہم خاموش رہیں گے، ہم ایسے کسی بھی فیصلے کو قبول نہیں کریں گے، تبدیلی کا نعرہ لگانے والے تباہی اور ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگانے والی جماعت مہنگائی لیگ بن چکی ہے۔
بلاول بھٹو نے نام لیے بغیر کہا کہ اگر وہ سمجھتے ہیں کہ وہ زبردستی کسی کو وزیر اعظم بنائیں گے تو یہ انکی بھول ہے، ہم کسی آئی جے آئی کا حصہ نہیں بنیں گے بلکہ صرف تیر پر الیکشن لڑیں گے 70 فیصد نوجوان پرانے سیاستدانوں سے تنگ آچکے ہیں، دوسری اور چوتھی دفعہ وزیر اعظم بنانے والوں کی بجائے نوجوان وزیر اعظم ہونا چاہیے ہم حکومت میں آنے کے بعد انشاء اللہ سب کو ایک ساتھ لیکر چلیں گے۔