امریکا کی تاریخ میں پہلی بار 40 سال سے زائد عمر کی خواتین کے لیے بچوں کی پیدائش کی شرح نوعمر خواتین سے زیادہ ہو گئی
امریکا میں پہلی بار یہ ہوا ہے کہ 40 سال سے زائد عمر کی خواتین بچوں کی پیدائش کے معاملے میں نوعمر ماؤں سے آگے نکل گئی ہیں، اور یہ ایک اہم تبدیلی ہے جو سی ڈی سی (Centers for Disease Control and Prevention) کے نئے اعداد و شمار کے مطابق سامنے آئی ہے۔
سی ڈی سی کی مارچ 2025 کی رپورٹ کے مطابق 1990 سے 2023 کے درمیان امریکہ میں مجموعی طور پر پیدائش کی شرح میں 14 فیصد کمی آئی ہے۔ اس دوران، 20 سال سے کم عمر خواتین میں پیدائش کی شرح میں 73 فیصد کمی ہوئی، جو تمام عمروں میں سب سے زیادہ کمی ہے۔1990 میں ہر آٹھ نوعمر لڑکیوں میں ایک حاملہ تھی، لیکن 2023 تک یہ تعداد ایک میں سے 25 ہو گئی۔ 20 سے 24 سال کی خواتین میں 44 فیصد اور 25 سے 29 سال کی خواتین میں 23 فیصد کمی آئی۔ تاہم، 30 سے 34 سال کی خواتین میں پیدائش کی شرح میں 24 فیصد اضافہ ہوا۔ سب سے نمایاں تبدیلی 35 سے 39 سال کی خواتین میں دیکھنے کو ملی، جہاں پیدائشوں میں 90 فیصد کا اضافہ ہوا۔
40 سال اور اس سے زائد عمر کی خواتین میں پیدائش کی شرح میں 193 فیصد کا اضافہ ہوا۔ 1990 میں 40 سال سے زائد عمر کی خواتین نے کل پیدائشوں کا صرف 1.2 فیصد حصہ ڈالا، لیکن 2023 میں یہ شرح بڑھ کر 4.1 فیصد ہو گئی۔ اس کا مطلب ہے کہ اس عمر کی خواتین کی جانب سے بچوں کی پیدائش کا رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے۔
2023 میں 30 سال اور اس سے زائد عمر کی خواتین نے کل پیدائشوں کا 51.4 فیصد حصہ ڈالا، جو 1990 میں صرف 30 فیصد تھا۔ اسی دوران، 1990 میں 30 سال سے کم عمر خواتین 69.8 فیصد پیدائشوں کی ذمہ دار تھیں، لیکن 2023 میں یہ تناسب کم ہو کر 48.6 فیصد ہو گیا۔
سی ڈی سی کے مطابق، ان تبدیلیوں کے باعث امریکہ میں حمل کی مجموعی شرح میں کمی آئی ہے۔ "30 سال سے کم عمر خواتین میں پیدائش کی شرح میں کمی نے عمر رسیدہ خواتین میں پیدائش کی شرح میں معمولی اضافے کے باوجود مجموعی طور پر پیدائشی شرح میں کمی کا سبب بنی ہے۔”
کولمبیا یونیورسٹی کی فرٹیلیٹی سینٹر کی ڈاکٹر ایشلے وِلٹشائر نے اس تبدیلی کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ "یہ تبدیلی زیادہ تر حمل سے بچاؤ کے طریقوں اور معاون تولیدی ٹیکنالوجی میں ہونے والی ترقیوں کا نتیجہ ہے۔ ان دونوں کا مقصد خواتین کو تولیدی آزادی فراہم کرنا ہے، چاہے وہ بچے پیدا نہ کرنے کا ارادہ رکھتی ہوں یا بچے پیدا کرنے کی خواہش رکھتی ہوں۔”
یہ اعداد و شمار اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ امریکی معاشرہ میں تولیدی رجحانات میں بڑی تبدیلیاں آئی ہیں، جہاں خواتین نے بچے پیدا کرنے کے لیے اپنی عمر کو ترجیح دینی شروع کی ہے اور نوعمری کے حملوں میں کمی دیکھنے کو مل رہی ہے۔







