امریکا میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اقتدار سنبھالنے کے پہلے ہفتے میں 7 ہزار سے زائد غیرقانونی تارکین وطن کو گرفتار کرکے ملک بدر کر دیا گیا۔ ان افراد میں پاکستانیوں سمیت مختلف ممالک کے شہری شامل ہیں، جنہیں امریکا کی ہوم لینڈ سکیورٹی نے گرفتار کیا۔
ہوم لینڈ سکیورٹی کے محکمہ نے اس کارروائی کو صدر ٹرمپ کے وعدے کے مطابق قرار دیا ہے، جس میں انہوں نے غیرقانونی امیگرینٹس کے خلاف کریک ڈاؤن کا عندیہ دیا تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان گرفتاریوں میں زیادہ تر افراد وہ ہیں جو تشویش ناک سرگرمیوں یا جرائم میں ملوث تھے۔ذرائع کے مطابق، امریکا میں غیرقانونی طور پر مقیم کچھ پاکستانی شہری بھی گرفتار ہوئے ہیں۔ ان گرفتاریوں کا تعلق غیرقانونی طور پر امریکی سرحد عبور کرنے سے ہے۔ کیلیفورنیا میں ہونے والے پاکستانیوں کی گرفتاریوں کی تعداد 10 سے کم ہے۔
امریکا کے مختلف شہروں جیسے شکاگو، سی ایٹل، اٹلانٹا، بوسٹن، لاس اینجلس اور نیوآرلینز میں اس کریک ڈاؤن کے دوران گرفتاریوں کا سلسلہ جاری رہا۔ 27 جنوری کو صرف ایک دن میں 956 غیرقانونی تارکین وطن کو گرفتار کیا گیا۔ اس کارروائی میں اسکولوں اور گرجاگھروں سمیت دیگر عوامی مقامات پر چھاپے بھی مارے گئے۔ اس کے نتیجے میں غیرقانونی تارکین وطن میں خوف و ہراس کی لہر دوڑ گئی ہے، اور کئی افراد نے کام پر جانا اور بچوں کو اسکول بھیجنا ترک کر دیا ہے۔
ہوم لینڈ سکیورٹی کے مطابق، 2024 میں صدر بائیڈن کے دور حکومت کے دوران صرف 310 افراد کو گرفتار کیا گیا تھا، جبکہ ٹرمپ کے اقتدار سنبھالنے کے بعد یہ تعداد کئی گنا بڑھ چکی ہے۔امریکا کی ہوم لینڈ سکیورٹی کی وزیر کرسٹی نوئم نے کہا ہے کہ وہ سڑکوں سے گندگی اور غیر قانونی افراد کو صاف کرنے کے عمل میں ہیں۔ وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری نے بتایا کہ 97 فیصد وہ افراد جنہیں بائیڈن کے دور میں ملک بدر کرنے کا حکم دیا گیا تھا، ان کو اب عملی طور پر ملک بدر کیا جا رہا ہے۔امریکی میڈیا کے مطابق، امریکا میں تقریبا 11 ملین غیر قانونی تارکین وطن مقیم ہیں، جن میں سے 14 لاکھ کے خلاف ڈیپورٹیشن کا حکم جاری کیا جا چکا ہے۔ ان میں سے ساڑھے 6 لاکھ افراد کا کرمنل پس منظر ہے۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 20 جنوری کو امریکا کے صدر کا عہدہ سنبھالا تھا اور غیرقانونی تارکین وطن کے خلاف اپنی سخت پالیسی کا اعلان کیا تھا، جس پر عملدرآمد شروع ہو چکا ہے۔
دین اسلام انصاف، رحم اور تمام مخلوقات کے احترام پر مبنی ہے،وزیراعظم
فلاڈیلفیا: ایمبولینس طیارہ گر کر تباہ، 6 افراد ہلاک