ملک بھر میں موسم کی خراب صورتحال کے باعث اسلام آباد اور لاہور کے بین الاقوامی ائیرپورٹس پر فلائٹ آپریشن شدید متاثر ہوا ہے۔
اسلام آباد ائیرپورٹ پر کم از کم 21 پروازیں اپنی آمد اور روانگی میں تاخیر کا شکار ہیں، جبکہ کراچی سے آنے والی ایک پرواز کو حفاظتی وجوہات کی بنا پر فیصل آباد میں ہنگامی لینڈنگ کرنی پڑی۔فلائٹ شیڈول کے مطابق، اسلام آباد ائیرپورٹ پر ریاض، ابوظبی، مسقط، باکو اور دوحہ سے آنے والی پروازوں کی لینڈنگ میں دشواری پیش آ رہی ہے، جس کی وجہ سے غیر ملکی پروازوں کی روانگی میں ایک سے دو گھنٹے تک تاخیر ہو رہی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ کراچی سے لاہور جانے والی پرواز تقریباً چار گھنٹے تیس منٹ کی تاخیر کے بعد دن ساڑھے بارہ بجے روانہ ہوگی، جب کہ کراچی سے اسلام آباد کے لیے ایک نجی ائیرلائن کی پرواز میں بھی دو گھنٹے کی تاخیر ہو گئی ہے۔اسی طرح، کوالالمپور سے لاہور آنے والی غیر ملکی ائیرلائن کی دو پروازیں موسم کی خرابی کی وجہ سے منسوخ کر دی گئی ہیں۔ لاہور ائیرپورٹ پر بھی سات پروازوں کی آمد و روانگی میں ایک سے ساڑھے نو گھنٹے تک تاخیر کا سامنا ہے۔
موسم کی خرابی کے باعث ائر لائنز نے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی پروازوں کی تازہ ترین صورتحال معلوم کرنے کے لیے ایئر لائنز کے آفیشل چینلز سے رابطہ کریں اور ائیرپورٹس پر بروقت پہنچیں۔