نوشہرہ: خیبر پختونخوا کے شہر نوشہرہ میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں بجلی میٹر کی ملکیت کے تنازع پر ایک شخص نے فائرنگ کرکے اپنی ماں، بھائی اور بہن کو قتل کر دیا۔ واقعہ پبی چوکی درب کے علاقے میں پیش آیا، جس نے پورے علاقے کو سوگوار کر دیا۔
ملزم کے والد سابق واپڈا ملازم تھے، جن کے نام سے گھر پر مفت بجلی کا میٹر نصب تھا۔ مذکورہ میٹر کی ملکیت پر اکثر اہلِ خانہ میں جھگڑا رہتا تھا، جو بالآخر ایک اندوہناک سانحے میں تبدیل ہو گیا۔پولیس ذرائع کے مطابق واقعے کے روز گھر میں ایک بار پھر بجلی میٹر کی ملکیت پر بحث چھڑ گئی، جو شدت اختیار کر گئی۔ اسی دوران ملزم نے طیش میں آکر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں اس کی ماں، بہن اور بھائی موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ فائرنگ کی آواز سنتے ہی قریبی لوگ جائے وقوعہ پر پہنچے، لیکن ملزم اپنے بیوی بچوں سمیت موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ مقتولین کی بہن کی مدعیت میں پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کر لیا ہے اور ملزم کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور جلد ہی اسے گرفتار کر لیا جائے گا۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ مقتولین نہایت شریف النفس لوگ تھے، جبکہ ملزم اکثر گھریلو تنازعات میں ملوث رہتا تھا۔ اس افسوسناک واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے اور لوگ افسوس اور غم کی کیفیت میں مبتلا ہیں۔