سینٹرل ڈیولپمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی) نے 3 میگا پروجیکٹس سمیت 236 ارب کے 7 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال کی زیر صدارت اجلاس میں ہوا 236 ارب روپے کے 7 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی گئی جبکہ 228 ارب روپے مالیت کے تین میگا منصوبوں کو حتمی منظوری کیلئے ایکنک کو بھی بھیج دیاگیا،اجلاس میں تعلیم کے شعبے میں ایک ارب 38کروڑ 35لاکھ روپے مالیت کے پروگرام کی اصولی منظوری دی گئی ہے، اس پروگرام کے تحت بلوچستان میں تعلیم کے شعبے پر توجہ دی جائے گی۔
اس کے علاوہ صحت کے شعبے میں 74 ارب 92کروڑ روپے کی لاگت سے لاہور میں نواز شریف انسٹیٹوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ و ریسرچ قائم کیا جائے گا، اس منصوبے کو بھی منظوری کے لیے ایکنک کو بھیج دیا گیا ہے.سکھر حیدرآباد موٹروے کی زمین کی خریداری کیلئے 68 ارب 73 کروڑ روپے کا منصوبہ ایکنک کو بھیج دیا گیا ہے جبکہ این ایچ اے کو ہدایت دی گئی ہے کہ سکھر حیدرآباد موٹروے 3 سال میں مکمل کیا جائے۔