نیشنل ہائی ویز اور موٹروے پولیس نے شدید دھند اور حد نگاہ کم ہونے کی وجہ سے حفاظتی اقدامات کے تحت ملک کے مختلف حصوں میں کئی اہم موٹروے سیکشنز کو عارضی طور پر بند کردیاہے۔

موٹروے پولیس کی جانب سے عوام کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور سفر شروع کرنے سے پہلے دھند کی صورتحال کے بارے میں تازہ ترین معلومات حاصل کرنے کی سختی سے ہدایت کی گئی ہےموٹر وے پولیس کے مطابق، موٹروے M-4 کے کئی حصے اس وقت ٹریفک کے لیے بند ہیں ان میں فیصل آباد سے گوجرہ تک (کلومیٹر 238 تا کلومیٹر 180)، گوجرہ سے عبدالحکیم تک (کلومیٹر 180 تا کلومیٹر 89)اور شیر شاہ سے عبدالحکیم تک (کلومیٹر 00 تا کلومیٹر 89) کے سیکشنز شامل ہیں۔

ان مقامات پر شدید دھند چھائی ہوئی ہے جس کی وجہ سے ڈرائیونگ ممکن نہیں رہی، مسافروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ متبادل راستے اختیار کریں یا موسمی حالات بہتر ہونے کا انتظار کریں،اسی طرح موٹروے M-5 پر بھی شدید دھند کا اثر دیکھا گیا ہے جہاں شیر شاہ سے ظاہر پیر تک کا حصہ (کلومیٹر 772 تا کلومیٹر 595) ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے مزید برآں موٹروے M-3 پر بھی کئی مقامات متاثر ہوئے ہیں۔

درکھانہ سے جڑانوالہ تک (کلومیٹر 918 تا کلومیٹر 1064) اور فیض پور ایم-3/ایم-2 جنکشن سے جڑانوالہ تک (کلومیٹر 1147 تا کلومیٹر 1064) کے سیکشنز کو بھی شدید دھند کے پیش نظر عارضی طور پر بند کیا گیا ہےموٹروے پولیس نے تمام شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ سفر شروع کرنے سے پہلے دھند کی تازہ ترین صورتحال، روڈ اپڈیٹس اور روڈ سیفٹی ٹیکنیکس کے بارے میں مکمل معلومات حاصل کریں۔

نیشنل ہائی ویز اور موٹروے پولیس کے آفیشل ذرائع سے معلومات حاصل کرنا ضروری ہے تاکہ محفوظ سفر یقینی بنایا جا سکے شہریوں کو یہ بھی یاد دہانی کرائی گئی ہے کہ دھند میں ڈرائیونگ کے دوران اضافی احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور حدِ رفتار کو کم رکھیں صورتحال بہتر ہوتے ہی ان تمام بند سیکشنز کو دوبارہ کھول دیا جائے گا-

Shares: