موٹروے پولیس ایم ساوتھ نے لاہور میں موٹروے پر پیدل کراسنگ کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے متعدد ایف آئی آرز درج کر دیں۔

موٹروے پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ ایم 2 سیکشن میں موٹروے پر پیدل چلنے والے افراد کے خلاف 7 ایف آئی آرز درج کی گئی ہیں۔ترجمان کے مطابق، ایف آئی آرز کو تعزیرات پاکستان کے سیکشن 290 اور 291 کے تحت درج کیا گیا ہے۔ موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ "محفوظ شاہرات اور محفوظ پاکستان ہماری اولین ترجیح ہے”۔ترجمان نے مزید کہا کہ "موٹروے پر پیدل کراسنگ جان لیوا اور انتہائی خطرناک حادثات کا سبب بن سکتی ہے۔ ایسے واقعات میں افراد شدید زخمی یا جاں بحق ہو جاتے ہیں۔”

موٹروے پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی صورت میں موٹروے پر پیدل نہ چلیں اور فٹ برج استعمال کریں تاکہ اپنی جان کی حفاظت کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ "ایک لمحے کی لاپرواہی زندگی بھر کا المیہ بن سکتی ہے۔”موٹروے پولیس نے یہ بھی بتایا کہ موٹروے پر پیدل چلنا قانون کی خلاف ورزی ہے، اور اس پر سخت کارروائی کی جائے گی تاکہ اس طرح کے خطرناک واقعات کی روک تھام کی جا سکے۔موٹروے پولیس نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا اور ایسے واقعات کی روک تھام کی جائے گی جو انسانی جانوں کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔

Shares: