میدانی علاقوں میں شدید دھند کے پیش نظر موٹروے پولیس اور پی ڈی ایم اے پنجاب نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے ایم 4 خانیوال سے ملتان تک جبکہ موٹروے ایم 5 ملتان سے روہڑی تک دھند کی وجہ سے بند کردی گئی ہے انہوں نے خبردار کیا ہے کہ دھند کے دوران لین کی خلاف ورزی خطرناک حادثات کا سبب بن سکتی ہے شہری دن کے اوقات میں سفر کو ترجیح دیں جبکہ دھند کے دوران صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک کے اوقات نسبتاً محفوظ ہیں۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق صوبے کے میدانی علاقوں میں شدید دھند چھائے رہنے کا امکان ہے جس کے باعث رات اور صبح کے اوقات میں حدِ نگاہ شدید متاثر ہو سکتی ہے۔،ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ رات 12 بجے سے صبح 9 بجے تک غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق ڈرائیور حضرات فوگ لائٹس کا استعمال کریں، رفتار کم رکھیں اور گاڑیوں کے درمیان محفوظ فاصلہ برقرار رکھیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار حادثے سے بچا جا سکے-








