جمعیۃ علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے دریائے سوات میں پیش آنے والے افسوس ناک حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والے سیاحوں کے اہلِ خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوات میں اتنی بڑی تعداد میں سیاحوں کی ہلاکت ایک دل خراش سانحہ ہے، جس پر ہر اہلِ دل کا دل اشکبار ہے۔

مولانا فضل الرحمٰن نے اس افسوسناک واقعے کا ذمہ دار حکومتی نااہلی اور سیاحوں کے تحفظ کے حوالے سے موثر اقدامات نہ ہونے کو قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر متعلقہ ادارے اور حکومت پیشگی حفاظتی اقدامات کرلیتے تو شاید یہ قیمتی جانیں بچائی جا سکتی تھیں۔انہوں نے کہا کہ جمعیۃ علماء اسلام اس دکھ کی گھڑی میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ مولانا فضل الرحمٰن نے ریسکیو اداروں سے مطالبہ کیا کہ امدادی سرگرمیوں میں تیزی لائی جائے اور فوری حفاظتی اقدامات کیے جائیں تاکہ مزید قیمتی جانوں کا ضیاع نہ ہو۔

مولانا فضل الرحمٰن نے جاں بحق افراد کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کرتے ہوئے حکومت پر زور دیا کہ وہ قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے مؤثر اور بروقت حکمت عملی ترتیب دے تاکہ آئندہ اس قسم کے واقعات سے بچا جا سکے۔انہوں نے انصار الاسلام کے رضاکاروں کو بھی فوری طور پر متحرک ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ جائے وقوعہ پر پہنچ کر ریسکیو آپریشن میں بھرپور تعاون فراہم کریں تاکہ متاثرین کو فوری ریلیف دیا جا سکے۔

Shares: