مولانا فضل الرحمٰن کے بیٹے مولانا اسجد الرحمٰن کو اغواء کی کوشش، پولیس تحقیقات جاری
ے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کے بیٹے مولانا اسجد الرحمٰن کو اغواء کرنے کی کوشش کا واقعہ سامنے آیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق یہ واقعہ تقریباً ایک ہفتہ قبل پیش آیا جب مولانا اسجد الرحمٰن کو یارک انٹرچینج کے قریب نامعلوم افراد نے روکنے کی کوشش کی۔اغواکاروں نے مولانا اسجد الرحمٰن کو ان کی گاڑی سے اترنے کا کہا، تاہم انہوں نے اس درخواست سے انکار کرتے ہوئے بحث مباحثہ کیا جس کے بعد اغواکاروں نے انہیں جانے دیا۔ واقعے کے روز مولانا اسجد الرحمٰن اپنی رہائش گاہ شورکوٹ سے لکی مروت جا رہے تھے۔ اس واقعے کے حوالے سے مولانا اسجد الرحمٰن کی جانب سے خود کوئی مقدمہ درج نہیں کروایا گیا، لیکن تحقیقات کے لیے سی ٹی ڈی (سیل) نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے تاکہ اس واردات کی تفصیلات معلوم کی جا سکیں اور ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔
دوسری جانب، مولانا فضل الرحمٰن کے ترجمان نے بتایا کہ ایس پی پہاڑ پور نے مقدمہ درج کروانے کے لیے رابطہ کیا تھا، تاہم مولانا فضل الرحمٰن کی جانب سے کہا گیا کہ انتظامیہ خود اس واقعے کی مدعی بنے تاکہ مقدمے کی کارروائی شفاف اور مؤثر ہو، اور بعد میں پارٹی کی طرف سے اس میں فریق بننے کا فیصلہ کیا جائے گا۔








