جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے بھائی نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کا الیکشن لڑنے کا چیلنج قبول کرلیا۔
مولانا فضل الرحمان کے چھوٹے بھائی انجینئر ضیا الرحمان نے جاری ویڈیو بیان میں وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کا الیکشن لڑنےکا چیلنج قبول کرتے ہوئے کہا ہے علی امین گنڈاپور تمہارا چیلنج قبول ہے، تمہاری اوقات نہیں کہ مولانا فضل الرحمان تمہارا چیلنج قبول کرے،پہلے تم مفتی محمود کے اس بیٹے سے مقابلہ کرکے دکھاؤ۔مولانا فضل الرحمان نے تو تمہارے لیڈر کو اقتدار کی کرسی سے گھسیٹ کر نکالا تھا، تم اپنے بھائی سے استعفیٰ دلوا کر ان کا مجھ سے مقابلہ کراؤ،میں نے ڈی آئی خان کے چوک میں کھڑے ہوکر کہا تھا کہ اگر ان کا ڈی این اے کیاگیا تو یہ گنڈاپور نہیں نکلے گا۔ گنڈاپور بہادر اور غیرت مند لوگ ہیں،مگر یہ ان میں سے نہیں، علی امین گنڈاپور کے انداز گفتگو اور تکلیف سے انہیں معلوم ہوچکا ہے کہ ان کے چل چلاؤ کا زمانہ آچکا ہے۔
واضح رہے کہ اتوار کو لاہور میں پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پختونخوا علی امین گنڈا پور نے مولانا فضل الرحمان کو کھلا چیلنج دیا تھا،علی امین گنڈاپور نے مولانا فضل الرحمان کو چیلنج دیتے ہوئے کہا تھا کہ ڈی آئی خان میں میرے بھائی کے خلاف الیکشن جیت کر دکھائیں، مولانا فضل الرحمان نے الیکشن جیت لیا تو میں استعفیٰ دے دونگا۔