جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی-ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو واضح یقین دہانی کرائی ہے کہ ان کی جماعت خیبر پختونخوا (کے پی) حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد کا حصہ نہیں بنے گی۔ نجی ٹی وی کے مطابق یہ اطلاعات ذرائع نے دی ہیں جو دونوں جماعتوں کے مابین جاری رابطوں کی تصدیق کرتی ہیں۔
ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمٰن نے پی ٹی آئی قیادت کو باور کرایا ہے کہ جے یو آئی-ف صوبائی حکومت کے خلاف سیاسی محاذ آرائی میں شامل نہیں ہوگی، جس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ جے یو آئی-ف کے حمایت یافتہ ارکان عدم اعتماد کی تحریک میں حصہ نہیں لیں گے۔ اس پیش رفت کو سیاسی محاذ پر اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے
دوسری جانب سیاسی منظر نامے پر ایک اور اہم واقعہ جیل میں قید پی ٹی آئی کے پانچ اہم رہنماؤں سے متعلق سامنے آیا ہے۔ ان رہنماؤں نے پارٹی کو درپیش سنگین بحران سے نکلنے کے لیے مذاکرات کو واحد اور موثر راستہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے پارٹی قیادت کو مشورہ دیا ہے کہ سیاسی چیلنجز کے حل کے لیے آپسی بات چیت اور مذاکرات کی ضرورت ہے ،پارٹی رہنماؤں نے عمران خان کی پالیسی کے خلاف مذاکرات پر زور دیا ہے،عمران خان بات چیت کے حامی نہیں ہیں.