میرپورخاص،باغی ٹی وی(نامہ نگار سید شاہزیب شاہ)قائد ملت اسکول میں وطن سے محبت کا مظاہرہ، پاک فوج کی حمایت میں شاندار ریلی
میرپورخاص میں پاکستانی قوم کا جذبہ حب الوطنی عروج پر جا پہنچا، گورنمنٹ قائد ملت کیمپس بوائز ہائی اسکول کے اساتذہ اور طلباء نے وطن عزیز پاکستان اور افواجِ پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہوئے شاندار ریلی نکالی۔ ریلی کے شرکاء "نعرہ تکبیر، اللہ اکبر”، "پاکستان زندہ باد”، اور "پاک فوج پائندہ باد” کے فلک شگاف نعرے لگا رہے تھے، جس سے فضا حب الوطنی کے جذبے سے گونج اٹھی۔
اس موقع پر اسکول کے ہیڈ ماسٹر اور اساتذہ کرام نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے رات کی تاریکی میں بزدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کے تین شہروں — مظفرآباد، کوٹلی اور بہاولپور پر حملے کیے جو کہ بین الاقوامی جنگی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ یہ حملے شہری اور پبلک مقامات پر کیے گئے جو کہ ناقابل معافی جرم ہے، تاہم پاک فوج نے جرات مندی اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کو بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا۔
اساتذہ نے کہا کہ اطلاعات کے مطابق پاک فوج نے دشمن کے کم از کم پانچ طیارے مار گرائے اور دشمن کی متعدد فوجی پوسٹیں تباہ کر دیں۔ دشمن کی بزدلی کے اس حملے کا جواب پوری پاکستانی قوم کی غیرت اور جذبۂ شہادت نے دیا ہے۔ ہم بطور اساتذہ اور طلباء اپنی پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ یہ ریلی اسی جذبے کی علامت ہے کہ قوم اپنی افواج پر مکمل اعتماد رکھتی ہے اور کسی بھی جارحیت کا متحد ہو کر جواب دے گی۔
اس موقع پر موجود سابق کونسلر اصغر ملک نے بھی اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے پاکستان پر حملہ کر کے تاریخی غلطی کی ہے۔ "ہم بھارت کو واضح پیغام دیتے ہیں کہ پاکستانی قوم اپنی فوج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار بنی ہوئی ہے، اور اگر دشمن نے دوبارہ کسی غلط فہمی میں آ کر حرکت کی تو اسے پہلے سے زیادہ تباہ کن انجام کا سامنا کرنا پڑے گا۔”
طلباء کا جوش و خروش دیدنی تھا، پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے نعروں سے فضا گونجتی رہی۔ بچوں کے چہروں پر وطن سے محبت اور افواج کے لیے عقیدت صاف دکھائی دے رہی تھی، جو اس بات کا مظہر ہے کہ پاکستان کا ہر شہری اپنی فوج کے ساتھ کھڑا ہے اور کسی بھی دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہے۔
یہ ریلی اس بات کا عملی ثبوت ہے کہ پاکستان کی نئی نسل مکمل طور پر بیدار، محب وطن اور دفاع وطن کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔