میرپورخاص (باغی ٹی وی، نامہ نگار سید شاہزیب شاہ)یومِ آزادی پاکستان کے موقع پر سول اسپتال میرپورخاص میں ایک پُرجوش اور حب الوطنی سے بھرپور تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کا اہتمام اسپتال انتظامیہ نے روٹری کلب سینٹرل میرپورخاص کے تعاون سے کیا۔
تقریب کا آغاز شجرکاری مہم سے ہوا، جس میں میئر میرپورخاص عبدالرؤف غوری نے خصوصی طور پر شرکت کی اور پودا لگا کر ماحول دوست معاشرے کے قیام کی ضرورت پر زور دیا۔ اس موقع پر سماجی رہنما شیر محمد چانیہو نے بھی شرکت کی اور کہا کہ "شجرکاری ہماری زندگی کا لازمی حصہ ہے، درخت زمین کے پھیپھڑے ہیں اور ہمیں اپنی آئندہ نسلوں کے مستقبل کے لیے زیادہ سے زیادہ پودے لگانے چاہئیں۔”
تقریب کا دوسرا مرحلہ "یومِ آزادی معرکۂ حق ریلی” تھا، جو اسپتال سے شروع ہو کر شہر کی اہم شاہراہوں سے گزری۔ ریلی میں ڈاکٹرز، نرسز، پیرا میڈیکل اسٹاف، شہریوں اور روٹری کلب کے ممبران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ قومی پرچموں اور آزادی کے ترانوں سے فضا گونج اٹھی۔
میئر عبدالرؤف غوری اور شیر محمد چانیہو نے ریلی کی قیادت کی اور شرکاء کو یومِ آزادی کے حقیقی پیغام سے روشناس کرایا۔ شیر محمد چانیہو نے کہا کہ "پاکستان ہماری عظیم قربانیوں کا نتیجہ ہے، ہمیں اپنے وطن سے محبت کا عملی ثبوت دینا ہوگا۔”
پروگرام کا مقصد نہ صرف یومِ آزادی منانا تھا بلکہ عوام میں شجرکاری کی اہمیت، قومی وحدت اور ماحولیاتی تحفظ کا شعور بھی اجاگر کرنا تھا۔