میرپورخاص،باغی ٹی وی( نامہ نگار سید شاہزیب شاہ کی رپورٹ )ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون میرپورخاص آصف رضا چانڈیو کی صدارت میں دربار ہال میرپورخاص میں ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا ،انہوں نے ہدایت کی کہ مون سون بارشوں کے پیش نظر ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تمام محکموں کے سربراہان کانٹینجسی پلان بنائیں اور جلد رپورٹ پیش کی جائے

مون سون کی تیز بارشوں میں نالوں کی صفائی ستھرائی بارش کے پانی کی نکاسی پینے کے پانی کی فراہمی اور دیگر مسائل کو ہنگامی بنیادوں پر حل کیا جائے، مون سون بارشوں کے دوران تمام افسران اپنے اپنے علاقوں میں مسائل کے فوری حل کے ساتھ ساتھ الرٹ رہیں ،اس ضمن میں کسی بھی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ گذشتہ بارشوں میں مسائل کے حل کے لئے کئے گئے اقدامات کو سامنے رکھتے ہوئے بہتر اور مؤثر حکمت عملی اپنائی جائے .

تمام تحصیلوں میں کنٹرول روم قائم کئے جائیں اور ہر محکمہ اور سماجی تنظیمیں اپنا فوکل پرسن مقرر کر کے ان کے رابطہ نمبر ضلعی انتظامیہ کو فراہم کئے جائیں تاکہ ہنگامی صورتحال میں رابطہ ہو سکے ،انہوں نے مزید کہا کہ تمام سماجی تنظیمیں متعلقہ تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز سے رابطے میں رہیں اور تحصیل سطح پر تعلقہ سٹیزن فورم اور تعلقہ فوڈ ریلیف کمیٹیاں تشکیل دی جائیں

اجلاس میں محکمہ لائیوسٹاک کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ مویشیوں کو بیماریوں سے محفوظ بنانے کے لیے مختلف تحصیلوں میں ویٹنری کیمپس لگائیں اور ویکسینیشن کے کام کو مزید تیز کیا جائے. اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو پریم چند ، تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر جنید مرزا، ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن غلام رضا کھوسو محکمہء زراعت،لائیو سٹاک ، پبلک ہیلتھ،محکمہ آبپاشی، سماجی تنظیموں کے نمائندوں اور دیگر افسران نے شرکت کی –

Shares: