میرپورخاص (باغی ٹی وی نامہ نگار سید شاہزیب شاہ)ضلع بھر میں جشن عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر ریلیاں اور جلوس سخت سیکیورٹی انتظامات کے تحت رواں دواں ہیں۔ ایس ایس پی میرپورخاص ڈاکٹر سمیر نور چنہ کی ہدایات پر تمام میلاد محافل، اجتماعات اور جلوسوں کے لیے فول پروف سیکیورٹی پلان نافذ کیا گیا ہے۔

ایس ایس پی ڈاکٹر سمیر نور چنہ نے ریلیوں اور جلوسوں کے منتظمین و علماء کرام سے ملاقاتیں کیں اور سیکیورٹی انتظامات کا خود جائزہ لیا۔ اس موقع پر تمام ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز فیلڈ میں موجود ہیں اور اپنے جوانوں کے ساتھ جلوسوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔

شہریوں کے لیے ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کی غرض سے ٹریفک پولیس کے جوان بھی تعینات کیے گئے ہیں جبکہ ضلعی کمانڈ اینڈ کنٹرول روم سے سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے تمام سیکیورٹی انتظامات کی لمحہ بہ لمحہ مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔

ایس ایس پی میرپورخاص نے واضح کیا ہے کہ سیکیورٹی اقدامات پر عمل درآمد کے حوالے سے کوئی بھی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

Shares: