میرپورخاص(باغی ٹی وی، نامہ نگار سید شاہزیب شاہ)چاندنی چوک پر قائم دکانوں اور مکانات کے آگے موجود غیر قانونی تجاوزات کے خلاف بڑا آپریشن کیا گیا جس میں بھاری مشینری استعمال کرتے ہوئے تجاوزات کو مسمار کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق چاندنی چوک میں طویل عرصے سے انکروچمنٹ کی شکایات موصول ہو رہی تھیں جس پر انتظامیہ نے فیصلہ کن کارروائی کرتے ہوئے تمام غیر قانونی قبضوں کو ختم کر دیا۔ بھاری مشینری کے ذریعے دکانوں اور مکانات کے آگے بنائی گئی تجاوزات کو ہٹایا گیا۔
ان کارروائیوں کی نگرانی ڈائریکٹر انکروچمنٹ اورنگزیب مغل نے کی، جنہوں نے موقع پر موجود انکروچمنٹ آفیسر عدنان مغل اور خانزادہ کے ساتھ مل کر آپریشن کی قیادت کی۔ ایس ایچ او غازی خان راجڑ اور پولیس کی بھاری نفری بھی موقع پر موجود رہی تاکہ کسی بھی مزاحمت یا ناخوشگوار صورتحال سے نمٹا جا سکے۔
ڈائریکٹر انکروچمنٹ اورنگزیب مغل کا کہنا تھا کہ چاندنی چوک میں بارہا غیر قانونی تجاوزات کی شکایات موصول ہو رہی تھیں، جس کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ فوری طور پر کارروائی کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہر کو تجاوزات سے پاک کرنا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔
آپریشن کے دوران کسی قسم کی مزاحمت کی اطلاع نہیں ملی اور تمام قبضہ شدہ جگہوں کو خالی کرا لیا گیا۔