میرپورخاص :اشیائےخورد و نوش کی قیمتوں میں کمی لانے کے لیے فعال کردار ادا کیا جائے- کمشنر

میرپورخاص،باغی ٹی وی( نامہ نگار سید شاہزیب شاہ کی رپورٹ )پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی آنے کے بعد روز مرہ استعمال کی اشیاء خورد و نوش ، سبزیوں پھلوں اور گاڑیوں کےکرایوں میں کمی لانے کے لیے فعال کردار ادا کیا جائے . کمشنر میرپورخاص فیصل احمد عقیلی کا وڈیو لنک کے ذریعے ڈپٹی کمشنروں اور متعلقہ افسران کو ہدایت

تفصیل کےمطابق کمشنر میرپورخاص فیصل احمد عقیلی نے کہا ہےکہ حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی لانے کے بعد عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچانے کے لئے روز مرہ استعمال کی اشیاء خورد و نوش کو مقررہ کردہ نرخ پر فروخت کو یقینی بنانے، ذخیرہ اندوزی اورناجائز منافع خوری کو روکنے ، پھلوں اور سبزیوں کو مقررہ کردہ قیمت پر فروخت کرنے اور پبلک ٹرانسپورٹ میں کرایوں میں کمی لانے ، ملاوٹ شدہ کھانے پینے کے اشیاء کے فروخت کی روک تھام کے لئے فعال کردار ادا کیا جائے تاکہ اس کے ثمرات عوام تک پہنچ سکیں .

یہ ہدایت انہوں نے اپنے دفتر میں وڈیو لنک کے ذریعے ڈویژن کے تمام ڈپٹی کمشنروں اور متعلقہء افسران سے روز مرہ اشیاء مقرر کردہ نرخ پر فروخت کرنے ، ذخیرہ اندوزی کو روکنے اور منافع خوروں کے خلاف کاروائی کرنے اور پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں کے کرایوں کی کمی کو یقینی بنانے کے لئے فعال کردار ادا کرنے سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا .

انہوں نے ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت کی کہ وہ اسٹنٹ کمشنروں کو پابند بنائیں کہ وہ بیورو آف سپلائی اور مارکیٹ کمیٹی کے ذمہ داران کے ساتھ مارکیٹ کا دورہ کریں اورناجائز منافع خوری کرنے والوں اور ذخیرہ اندوزی کرنے والوں پر جرمانہ عائد کر کے قانونی کارروائی کی جائے .

انہوں نے مارکیٹ کمیٹی کے ذمہ داران کو ہدایت کی کہ وہ سبزیوں اور پھلوں کا نرخنامہ روزانہ کی بنیاد پر جاری کریں اور نرخنامہ کے مطابق پھلوں اور سبزیوں کی فروخت کو یقینی بنایا جائے انہوں نے فوڈ اتھارٹی کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ ملاوٹ شدہ کھانے پینے کی اشیاء کی فروخت کی روک تھام کے لیے اپنا فعال کردار ادا کریں . انہوں نے محکمہ پیمائش و اوزان کے ذمہ داران کو ہدایت کی کہ وہ اشیاء ضروریہ اور دیگر ضروریات زندگی کی اشیاء کے ناپ تول اور پیمائش کو یقینی بنائیں .

کمشنر میرپورخاص فیصل احمد عقیلی نے ہیلتھ کئیر کمیشن کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ ڈویژن بھر میں غیر قانونی طور پر چلنے والی لیبارٹریوں کو بند کرنے اور اتائی ڈاکٹروں کے خلاف قانونی کاروائی کو یقینی بنائیں

انہوں نے ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے ساتھ مل کر پبلک ٹرانسپورٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی آنے کے بعد کرایوں میں کمی لانے کے لئے بھی فعال کردار ادا کریں

اسی طرح مالی معاونت کی مد میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں کٹوتی کرنے والے ڈیوائس ہولڈرز کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے

Comments are closed.