میرپورخاص (باغی ٹی وی نامہ نگار سید شاہزیب شاہ کی رپورٹ ) نبی رحمت ﷺ کی حیات طیبہ ہمارے لئے مشعل راہ ہے -صحابہ کرام کی بدولت دین اسلام پوری دنیا میں پھیلا – مولانا عبداللہ سندھی
علماء ایکشن کمیٹی میرواہ گورچانی کے زیر اہتمام مسجد عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ میں سالانہ عظیم الشان سیرت النبی ﷺ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا – کانفرنس سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے سنی رابطہ کونسل سندھ کے صوبائی رہنما حضرت مولانا عبداللہ سندھی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نبی رحمت ﷺ کی پوری حیات طیبہ ہمارے لئے مشعل راہ ہے ضرورت اس بات کی ہے آپ ﷺ کی ایک ایک سنت مبارکہ پر عمل پیرا ہو کر دونوں جہانوں میں کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے –

انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ پر صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کا عظیم احسان ہے کہ ان پاک ہستیوں کی بدولت دین اسلام دنیا کے چپے چپے میں پہنچا- انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں خلیفہ دوئم حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی شان میں گستاخی ناقابل برداشت عمل ہے وطن عزیز پاکستان کلمہ طیبہ کی بنیاد پر حاصل کیا گیا مگر آج دشمنان اسلام و دشمنان پاکستان صحابہ کرام کی شان اقدس میں گستاخی کر کے وطن عزیز کی جڑوں کو کھوکھلا کرنے کی مذموم کوشش کر رہے ہیں جسے ہم کامیاب نہیں ہونے دیں گے

انہوں نے کہا کہ صحابہ کرام کا دفاع ہمارے ایمان کا حصہ ہے دفاع صحابہ کے لئے ہمارے دس قائدین ایک ہزار اکابرین اور دس ہزار سے زائد کارکنان نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا- قائدین ،اکابرین اور کارکنان کی عظیم قربانی کا ثمر ہے کہ ناموس صحابہ بل قانون کا حصہ بنا-اگر اب کسی نے بھی صحابہ کرام و اہلبیت کی شان میں گستاخی کی تو ان کے ساتھ قانون کے ساتھ نمٹا جائے گا –

اس موقع پر مولانا خورشید عالم ،مفتی عبدالکریم،مفتی عمیر فاروقی ،مولانا احسان الحق فاروقی ،حافظ عبدالغنی،قاری وقار احمد آور دیگر علماء کرام نے بھی خطاب کیا –

Shares: