میرپورخاص،باغی ٹی وی(نامہ نگارشاہزیب شاہ) ایس ایس پی شبیر احمد سیٹھار کا منشیات کے خلاف کریک ڈاؤن کے لیے ہنگامی اجلاس، سخت اقدامات کی ہدایت

تفصیل کے مطابق ایس ایس پی میرپورخاص شبیر احمد سیٹھار نے ایس ایس پی آفس میرپورخاص میں منشیات کے خلاف ہنگامی اجلاس منعقد کیا، جس میں ضلع بھر کے تمام SDPO’s/SHO’s، انچارج CIA، انچارج DIB اور ہیڈ آف برانچز نے شرکت کی۔

اجلاس میں ایس ایس پی میرپورخاص نے سخت احکامات دیتے ہوئے کہا کہ تمام ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز اپنے علاقوں میں منشیات فروشوں کے خلاف فوری کارروائی کریں اور ایک ہفتے کے اندر ضلع کو منشیات سے پاک کریں۔ ایس ایس پی نے کہا کہ اس کارروائی کی نگرانی خود کریں گے اور کسی بھی منشیات فروش کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر کوئی پولیس افسر یا اہلکار منشیات فروشوں کی سرپرستی کرتا پایا گیا تو اس کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی اور اسے B کمپنی بھیج دیا جائے گا۔ ایس ایس پی نے عوام سے بھی اپیل کی کہ اگر کسی کو منشیات کھانے سے کوئی نقصان یا بیماری ہو تو وہ اپنے متعلقہ تھانے پر مقدمہ درج کروا سکتے ہیں۔

سول سوسائٹی سے درخواست کرتے ہوئے ایس ایس پی نے کہا کہ پولیس کے ساتھ مل کر منشیات کے خلاف کارروائیاں کی جائیں، تاکہ میرپورخاص میں منشیات کا خاتمہ کیا جا سکے۔

مزید برآں، ایس ایس پی نے ضلع بھر میں ٹریفک مسائل پر بھی نوٹس لیا اور ایس ایچ اوز کو ہدایت کی کہ وہ ٹریفک کے مسائل کو حل کرنے کے لیے ٹریفک پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔ انچارج کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کو CCTV کیمروں کے ذریعے ٹریفک کی نگرانی کرنے اور فوری کارروائی کرنے کی ہدایت بھی دی گئی۔

Shares: