میرپورخاص (باغی ٹی وی نامہ نگار سید شاہزیب شاہ)نیشنل پریس کلب میرپورخاص اور مقامی صحافتی تنظیموں کی جانب سے پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں کے مسائل کے حوالے سے واک آؤٹ کی حمایت کے بعد سینیٹ میں صحافی برادری کے دیرینہ مسائل پر توجہ دی گئی ہے۔ سینیٹر عرفان الحق صدیقی نے 15 جولائی 2025ء کو ایوان بالا میں صحافیوں کی شکایات اور پریس گیلری کے احتجاج سے ایوان کو آگاہ کیا، جس پر سینیٹ نے سنجیدہ ردعمل دیتے ہوئے معاملہ قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے سپرد کر دیا۔

اس سلسلے میں سینیٹ سیکریٹریٹ کی جانب سے باضابطہ خط جاری کیا گیا ہے جس پر سیکشن آفیسر حفصہ فاروق کے دستخط موجود ہیں۔ یہ خط ڈپٹی سیکریٹری اور کمیٹی سیکریٹری محترمہ شہوار فریال کو ارسال کیا گیا ہے تاکہ وہ اس معاملے کو کمیٹی میں فوری کارروائی کے لیے پیش کریں۔ متعلقہ اداروں اور دیگر حکام کو بھی باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق، قائمہ کمیٹی جلد اجلاس طلب کر کے صحافیوں کے تحفظات پر تفصیلی غور کرے گی اور مؤثر سفارشات مرتب کرے گی، جنہیں ایوان میں پیش کر کے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔

نیشنل پریس کلب میرپورخاص، مقامی صحافیوں اور دیگر صحافتی تنظیموں نے سینیٹ کے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے بھرپور خیر مقدم کیا ہے۔ صحافی برادری کو امید ہے کہ ایوان بالا ان کے مسائل کو نہ صرف سنجیدگی سے لے گا بلکہ عملی حل بھی فراہم کرے گا۔

Shares: