میرپورماتھیلو (باغی ٹی وی، نامہ نگارمشتاق علی لغاری)جسقم (شہید بشیر خان گروپ) کے سربراہ ڈاکٹر نیاز کالانی نے کہا ہے کہ مجوزہ 27ویں آئینی ترمیم صوبوں کے آئینی و جمہوری حقوق کے خلاف ایک خطرناک سازش ہے، جس کے ذریعے صوبوں کے اختیارات چھین کر مرکز کے حوالے کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

میرپورماتھیلو بار ایسوسی ایشن سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر کالانی نے کہا کہ اگر یہ ترمیم منظور ہو گئی تو مرکزی حکمران اپنی مرضی سے صوبے توڑ کر نئے صوبے بنا سکیں گے، جس سے انتظامی و سیاسی انتشار پیدا ہوگا اور وفاقی نظام کمزور ہو جائے گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ سندھ کے عوام اپنے وسائل اور حقوق کے تحفظ کیلئے مزید خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ سندھ کی زمین، پانی، گیس اور دیگر وسائل پر سب سے پہلا حق سندھ کے عوام کا ہے، جسے کسی صورت غصب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

ڈاکٹر نیاز کالانی نے کہا کہ سندھ ایکشن کمیٹی کی جانب سے 11 نومبر کو صوبے بھر میں بھرپور احتجاج کا اعلان کیا گیا ہے، جس میں تمام سیاسی و سماجی تنظیموں، باشعور عوام اور قومی کارکنوں سے شرکت کی اپیل کی گئی ہے۔

انہوں نے اس موقع پر کہا کہ سندھ کی وحدت، وسائل اور خودمختاری کے تحفظ کیلئے مشترکہ جدوجہد وقت کی اہم ضرورت بن چکی ہے۔
ڈاکٹر کالانی نے وکلا برادری سے اپیل کی کہ وہ آئینی و قانونی بنیادوں پر اس مجوزہ ترمیم کی مخالفت میں پیش پیش کردار ادا کریں۔

Shares: