میرپور ماتھیلو (نامہ نگار مشتاق علی لغاری) ایس ایچ او تھانہ میرپور ماتھیلو بدر دین برڑو نے اپنی ٹیم کے ساتھ لنک روڈ حیات پتافی کے قریب کاٹھ پل پر واردات کی نیت سے موجود 4 مسلح ڈاکوؤں کے ساتھ مقابلہ کیا۔

پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے کے بعد، پولیس نے ایک ڈاکو عبدالواحد ولد میر محمد چاچڑ کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزم کے قبضے سے ایک پسٹل بھی برآمد ہوئی ہے۔ جبکہ اس کے تین نامعلوم ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ زخمی ڈاکو کو طبی امداد کے لیے مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

ابتدائی تفتیش کے مطابق، گرفتار ملزم چوری، رہزنی اور پولیس مقابلوں سمیت دیگر سنگین جرائم میں ملوث رہا ہے۔ پولیس کا کرمنل ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے۔ فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

گرفتار ملزم اور فرار ملزمان کے خلاف پولیس مقابلہ کا مقدمہ درج کیا جا رہا ہے، جبکہ ملزم سے غیر قانونی اسلحہ برآمد ہونے پر اس کے خلاف سندھ آرمز ایکٹ کے تحت ایک اور مقدمہ بھی درج کیا جائے گا۔ گھوٹکی سے محمد انور کھیتران نے پولیس پارٹی کی اس کامیاب کارروائی پر انہیں شاباشی کا پیغام بھیجا ہے۔

Shares: