میرپورماتھیلو(باغی ٹی وی ،نامہ نگارمشتاق علی لغاری) ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کھیتران کی خصوصی ہدایت پر گھوٹکی پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ ان کارروائیوں کے نتیجے میں تھانہ جروار پولیس نے چوری شدہ موٹر سائیکل اور ایک بھینس برآمد کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او جروار صفدر عباس پھلپوٹو کی زیرِ نگرانی پولیس نے دو اہم کارروائیاں کرتے ہوئے وہ مسروقہ موٹر سائیکل برآمد کر لی جو کچھ دن قبل عاشق حسین گبول سے نامعلوم چور چوری کر کے لے گئے تھے۔
دوسری کارروائی میں پولیس نے گزشتہ رات چوری ہونے والی عبدالغفور گبول کی ایک بھینس بھی برآمد کر لی۔ مالکان نے ان وارداتوں کی بروقت اطلاع تھانہ جروار کو دی تھی۔
پولیس نے قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد چوری شدہ موٹر سائیکل اور بھینس اصل مالکان کے حوالے کر دی ہیں۔ مسروقہ مال واپس ملنے پر مالکان نے ایس ایچ او جروار صفدر عباس پھلپوٹو کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کھیتران نے پولیس پارٹی کی اس بہترین کارکردگی پر انہیں شاباشی کا پیغام بھیجا ہے۔








