میرپور ماتھیلو،باغی ٹی وی (نامہ نگار مشتاق علی لغاری) گھوٹکی پولیس کا منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن، تین ملزمان گرفتار
ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو کی ہدایت پر گھوٹکی پولیس نے منشیات فروشوں اور دیگر جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے میرپور ماتھیلو میں تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ایس ایچ او تھانہ میرپور ماتھیلو عبدالرزاق انصاری نے دوران گشت خفیہ اطلاع پر لنک روڈ باگو ڈرھ نزد شیخ پمپ پر کارروائی کی۔ اس دوران تین ملزمان فیاض عرف باڈو بوزدار، شکیل عرف کاکو بوزدار، اور فیصل بوزدار کو مجموعی طور پر 500 گرام چرس سمیت گرفتار کیا گیا۔
پولیس نے گرفتار ملزمان کو برآمد شدہ چرس سمیت تھانہ منتقل کر دیا اور ان کے خلاف کرائم نمبر 30/2025 درج کر لیا گیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ منشیات فروشی کے خاتمے کے لیے علاقے میں گشت اور خفیہ کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی تاکہ نوجوان نسل کو منشیات جیسی لعنت سے محفوظ رکھا جا سکے۔