سندھ: امن و امان کے بگڑتے ہوئے صورتحال پہ ایم کیو ایم اور پی پی کا ایک دوسرے پر الزامات

0
91
Sindh Assembly

سندھ اسمبلی اجلاسں میں وقفہ سوالات کے دوران متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے ارکان کی جانب سے شور شرابا کیا گیا۔اسپیکر سندھ اسمبلی اویس قادر شاہ نے کہا کہ سوال پوچھیں ماحول خراب نہیں کریں۔اپوزیشن لیڈر علی خورشیدی نے کہا کہ وقفہ سوالات سے اہم 70 جانوں کا مسئلہ ہے، کراچی میں امن وامان ہمارے لیے اہم مسئلہ ہے۔اسپیکر سندھ اسمبلی نے کہا کہ وہ روایات قائم نہ کریں جو ماضی کی تھیں، ایم کیو ایم کے احتجاج پر وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ امن و امان پر بھی بات کر سکتے ہیں، مناسب نہیں اپوزیشن لیڈر کھڑے ہو جائیں۔وزیر داخلہ سندھ ضیاء اللّٰہ لنجار نے کہا کہ کراچی میں بھتا خوری اور ٹارگٹ کلنگ اب نہیں ہورہی، ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ملزمان کو گرفتار بھی کیا گیا، وہ دن نہیں ہیں جب 12 مئی کے واقعات ہو رہےتھے، اب بوری بند لاشیں بھی نہیں ملتیں۔وزیر داخلہ سندھ کےبیان پر ایم کیو ایم اراکین نے ایوان میں شور شرابا کرتے ہوئے واک آؤٹ کیا۔
اسمبلی اجلاس کے بعدوزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے رہنما پہلے شعلہ بیانی کرتے ہیں پھر معافی مانگتے ہیں۔ شرجیل میمن نے کہا کہ ایم کیو ایم کی سیاست اور مینڈیٹ کسی سے چھپا ہوا نہیں، پہلے کراچی میں ٹارگٹ کلنگ، بوری بند لاشیں، ہڑتالیں ہوتی تھیں، پہلے کراچی میں ایک دن میں تیس، تیس لاشیں گرتی تھیں، ٹارگٹ کلنگ کون کرتا تھا، بھتہ کون لیتا تھا کسی سے چھپا ہوا نہیں، کراچی میں کوئی نوگو ایریا نہیں، کوئی بھی شہری کسی بھی جگہ جا سکتا ہے۔سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ کراچی میں پہلے ٹارگٹ کلنگ کون کرتا تھا، بوری بند لاشیں کون دیتا تھا یہ کسی سے چھپا ہوا نہیں، غیر قانونی تارکین وطن سمیت بہت سارے چیلنجز کے باوجود کراچی میں کرائم کم ہو رہا ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبے میں امن و امان قائم کرنا سندھ حکومت کی ترجیح ہے، ایم کیو ایم کی طرف سے سندھ اسمبلی اجلاس کو ڈسٹرب کرنے کی کوشش کی گئی، ہم کوشش کر رہے ہیں اسٹریٹ کرائم ختم ہو، کراچی میں ٹارگٹ کلنگ میں کمی آئی ہے۔شرجیل میمن نے کہا کہ ایم کیو ایم جان بوجھ کر ایسا ماحول بنانے کی کوشش کر رہی ہے، ایم کیو ایم اپنی سیاست چمکانے کی کوشش کر رہی ہے، سیاست چمکانے کےلیے ایم کیو ایم نعرے لگاتی اور حکومت کو گالیاں دیتی ہے، ایم کیو ایم نے حیدر آباد واقعہ پر بھی سیاست کرنے کی کوشش کی، لندن سے کال پر سڑکوں پر لوگوں کی گاڑیاں جلا دیتے تھے۔انہوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی اجلاس میں ماضی میں اسٹریٹ کرائم اور ٹارگٹ کلنگ کی بات کی گئی، تارکین وطن کے خلاف مہم بند نہیں ہوئی، روزانہ غیر قانونی تارکین وطن کو پکڑ کر ڈی پورٹ کیاجاتا ہے، سیف سٹی پروجیکٹ کا ایک مرحلہ مکمل ہو چکا ہے۔شرجیل میمن نے مزید کہا کہ دنیا کا سب سے بڑا ہاؤسنگ پروجیکٹ پیپلز پارٹی بنانے جا رہی ہے، سندھ حکومت21 لاکھ گھر بنا رہی ہے۔

Leave a reply