میرپورخاص (باغی ٹی وی نامہ نگار سید شاہزیب شاہ)ایم کیو ایم پاکستان میرپورخاص ڈسٹرکٹ آفس میں جشن آزادی کی تیاریوں کے سلسلے میں ایک اجلاس منعقد ہوا، جس سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ انچارج خالد تبسم، جوائنٹ انچارجز آفاق احمد خان اور سلیم میمن نے اعلان کیا کہ "معرکہ حق، جشن آزادی” کو شہر بھر میں انتہائی جوش و خروش اور قومی جذبے سے منایا جائے گا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ یکم اگست سے 14 اگست تک میرپورخاص کی تمام یوسیز میں قومی پرچم کشائی اور کیک کاٹنے کی تقریبات منعقد کی جائیں گی، جبکہ 13 اگست کو ڈسٹرکٹ آفس سے ایک عظیم الشان ریلی بھی نکالی جائے گی۔ رہنماؤں نے کہا کہ یہ تقریبات محض رسمی نہیں بلکہ قوم کی قربانیوں، جذبے اور نظریے کی نمائندگی کریں گی، اور اس امر کا اظہار ہوں گی کہ مہاجر اس وطن کے اصل وارث ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان ملک و قوم کی تعمیر و ترقی کے لیے ہمہ وقت سرگرم عمل ہے، اور ہمارا عزم ہے کہ اپنے آباؤ اجداد کی قربانیوں کو یاد رکھتے ہوئے پاکستان کو دنیا کی عظیم طاقت بنایا جائے۔ انہوں نے گورنر سندھ اور مرکزی کمیٹی کے دورہ میرپورخاص کو حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے عوام کے مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔
رہنماؤں نے کارکنان کو ہدایت کی کہ جشن آزادی کی تقریبات میں طلبا، خواتین، بزرگوں اور زندگی کے تمام شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افراد کی بھرپور شرکت کو یقینی بنایا جائے۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ کمیٹی، یوسیز، شعبہ خواتین، ایلڈرز ونگ، اے پی ایم ایس او سمیت دیگر تمام شعبہ جات کے ذمہ داران نے شرکت کی۔