مفتی مبشر احمد ربانی لوگوں کے دلوں میں رہتے اور دلوں میں بستے تھے ،حافظ مسعود اظہر

0
104
hafi masood ahar

پاکستان اسلامک کونسل کے چئیرمین اور جامعہ سعیدیہ سلفیہ کے پرنسپل ڈاکٹر حافظ مسعود اظہر نے کہا ہے کہ استاذ العلما مفتی مبشر احمد ربانی کی وفات سے آج دنیا ایک جید عالم دین ، عالم باعمل اور مرد درویش سے محروم ہوگئی ہے ۔ مفتی مبشر احمد ربانی کی زندگی شمع فروزاں کی طرح تھی وہ ساری زندگی قرآن وحدیث کی خدمت کرتے رہے ۔ ان کی وفات پر اہل علم بھی اور عوام الناس بھی سوگوار ہیں ۔

پاکستان اسلامک کونسل کے چئیرمین اور جامعہ سعیدیہ سلفیہ کے پرنسپل ڈاکٹر حافظ مسعود اظہر کا کہنا تھا کہ باعمل اور جید علما کے دنیا سے اٹھ جانے سے دین کا علم دنیا سے اٹھ جاتا ہے جو کہ قیامت کی علامت ہے ۔ مفتی مبشر احمد ربانی مرد درویش، مہمان نواز اور عمدہ صفات کے مالک تھے ان کی ساری زندگی قرآن وحدیث کی خدمت کرتے گزری ہے ۔اس وقت پاکستان سمیت پوری دنیا میں ان کے ہزاروں شاگرد دین کی تبلیغ واشاعت میں مصروف عمل ہیں اور اپنے استاد کےلئے صدقہ جاریہ ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ مفتی مبشر احمد ربانی کی زندگی باعث رشک تھی ۔ بلاشبہ وہ اپنی ذات میں جماعت تھے اور علم کا سمندر تھے ، ملک بھر سے ہزاروں لوگ دینی علوم میں رہنمائی کےلئے ان کی طرف رجوع کرتے ، مفتی مبشر احمد ربانی کی وفات فرد واحد کی نہیں ایک جہان کی وفات ہے ، ان کی لکھی ہوئی بےشمار دینی کتب ، ہزاروں شاگرد ، صالح اولاد ا ن کےلئے صدقہ جاریہ ہیں جو کہ ان کے اخلاص اور دین کے ساتھ محبت کا والہانہ ثبوت ہیں ۔انھوں نے کہا کہ مفتی مبشر احمد ربانی لوگوں کے دلوں میں رہتے اور دلوں میں بستے تھے ،ان کے جنازے میں ملک بھر سے ہزاروں افراد، علما اور شیوخ الحدیث کی شرکت سے واضح ہوتاہے کہ اہل علم کے ساتھ ساتھ عام لوگوں کے دلوں میں بھی ان کےلئے بے پناہ احترام تھا ۔ دعا ہے اللہ مفتی مبشر احمد ربانی کی مغفرت فرمائے ،ا ن کے ورثاکو صبر جمیل کی توفیق عطا فرمائے ، قرآن وحدیث کی تعلیمات کی اشاعت کےلئے ان کی خدمات کو قبول فرمائے اور ان کے قائم کردہ جامعہ کو اللہ دن دگنی رات چگنی ترقی عطا فرمائے ۔

Leave a reply