پاکستان کے معروف تجزیہ نگار، ٹی وی اینکر اور صحافی مبشر لقمان صاحب سے میری ملاقات ایک غیر معمولی تجربہ تھا۔ یہ ملاقات مجھے باغی ٹی وی کی تیرہویں سالگرہ کے موقع پر ہوئی، جب میرے دیرینہ دوست اور باغی ٹی وی کے ایڈیٹر، ممتاز اعوان نے مجھے یاد کیا۔ ان کی محبت اور سرپرستی کا شکرگزار ہوں کہ انہوں نے اس موقع پر لکھاریوں اور دیگر شعبوں میں نمایاں کارکردگی پر اعزازی اسناد دینے کا فیصلہ کیا۔
چونکہ میری مصروفیت کی وجہ سے تقریب میں شرکت نہ کرسکا، اس لئے ممتاز اعوان نے گزشتہ روز مجھے ایک نجی ٹی وی چینل پر مدعو کیا۔ یہ کسی بھی ٹی وی چینل میں میری پہلی آمد تھی، اور میں اس موقع پر بے حد پرجوش تھا۔ چینل کے مختلف شعبوں سے گزرتے ہوئے ہم تین لوگ مبشر لقمان کے کمرے تک پہنچے۔ پہلی بار براہ راست مبشر لقمان صاحب سے ملاقات ہوئی، اس سے قبل صرف ان کو ٹی وی اسکرین پر ہی دیکھتا تھا۔
مبشر لقمان ٹی وی اسکرین پر ہمیشہ نوجوان نظر آتے ہیں، لیکن جب ان سے ملے تو معلوم ہوا کہ عمر میں ہم سے کافی بڑے ہیں۔ ممتاز اعوان صاحب نے ہمارا تعارف کروایا اور بتایا کہ ملک فیصل رمضان اعوان باغی ٹی وی میں بھی لکھتے ہیں۔ اس کے بعد گفتگو کا آغاز ہوا۔
مبشر لقمان صاحب نے ہمیں سب سے پہلا سوال کیا: "ملک صاحب، آپ صرف یہی کام کرتے ہیں یعنی لکھتے ہیں، یا کچھ اور بھی کرتے ہیں؟” ہم نے جواب دیا، "جناب والا، میں ایک نجی کمپنی میں جنرل منیجر ہوں، لیکن علم و ادب کی پیاس کو بجھانے کے لئے رات کے پچھلے پہر لکھنے پڑھنے کو وقت دیتا ہوں۔ گاہے بگاہے ادبی پروگراموں میں بھی شرکت کرتا ہوں۔ شاعری کا بھی جنون کی حد تک شوق ہے، لیکن عشق کی ادھوری داستانوں نے شاید یہ ذوق اب تتر بتر کر دیا ہے۔”مبشر لقمان صاحب نے حیرانی سے ہمارا چہرہ دیکھتے ہوئے کہا کہ شاید انہیں پہلی دفعہ ایک ایسے محنتی لکھاری کا سامنا ہوا ہے جو دن میں آفس کا کام کرتا ہے اور رات کو اپنے ذوق کی تسکین کے لیے لکھائی کرتا ہے۔ یہ گفتگو کافی دیر تک جاری رہی اور پھر چائے کا دور ختم ہوا۔ اس کے بعد وہ اپنے پروگرام "کھرا سچ” کی ریکارڈنگ کے لئے سٹوڈیو کی جانب چل پڑے، اور ہم بھی ان کے ساتھ چل پڑے تاکہ سٹوڈیو کی تیز روشنیوں کا مشاہدہ کر سکیں۔
چالیس منٹ کی "کھرا سچ” پروگرام کی ریکارڈنگ کے بعد، ہم واپس ان کے آفس واپس آگئے، جہاں انہوں نے ہمیں اعزازی سند عطا کی۔ یہ ایک بہت بڑا اعزاز تھا، خاص طور پر ایسے لکھاریوں کے لئے جو لکیر کے فقیر بن کر اپنا کام کرتے ہیں۔مبشر لقمان صاحب سے ہماری کچھ اختلافات بھی ہیں، مگر ایک لکھاری کی حیثیت سے ہم کبھی بھی ان کے نظریات کو ذاتی طور پر نہیں لائیں گے، کیونکہ ہر کسی کا اپنا نظریہ اور نقطہ نظر ہوتا ہے۔ بہرحال، مبشر لقمان صاحب ایک علم دوست، سچے انسان اور محنتی شخصیت ہیں۔ ان سے ملاقات نے ہمیں نہ صرف خوشی دی بلکہ مزید لکھنے کا حوصلہ بھی بخشا۔
آخر میں، یہ ملاقات ہمارے لئے ایک یادگار لمحہ ثابت ہوئی اور ہمیں اس بات کا یقین ہو گیا کہ علم کی دنیا میں ہمیں ہمیشہ نئی راہیں ملتی رہتی ہیں، بشرطیکہ ہم اپنی جستجو کو قائم رکھیں۔








