سینئر صحافی و اینکر پرسن مبشر لقمان نے کہا ہے کہ حکمران سڑکوں پر تو پیسہ نہیں لگا سکتے لیکن جیلوں پر لگا دیتے ہیں کیونکہ انہوں نے اقتدار جانے کے بعد جیل ہی جانا ہوتا ہے .
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کنگن پور میں احمد تھیلیسیمیا سنٹر کے دوسرے یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا.مبشر لقمان نے اس موقع پر احمدتھیلیسیمیا سنٹر کا دورہ بھی کیا اور بچوں سے ملاقات کی. اپنے خطاب میں مبشر لقمان نے احمد تھیلیسیمیا سنٹر کی انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ادارے کا کام مثالی ہے . حکومت کو چاہئے کہ ایسے اداروں کی معاونت کرے.
مبشر لقمان کا مزید کہنا تھا کہ حکمران ووٹ تو لیتے ہیں لیکن عوام کی سہولیات کے لئے کام نہیں کرتے .یہاں کی سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں.منتخب نمائندے ووٹ لے کر غائب ہو جاتے ہیں. ایسے میں ان کے لئے کوئی اچھے الفاظ نہیں کہے جا سکتے.اگر لاہو رکی کوٹ لکھپت جیل، کیمپ جیل جائیں تو وہاں کے انتظامات یہاں سے بہتر ہیں،حکمران جیل کو تو بجٹ دیتے رہتے ہیں کیونکہ اقتدار جانے کے بعد ان کا ٹھکانہ وہی جیل ہوتا ہے لیکن قوم کے مستقبل، بچوں کے بارے میں نہیں سوچتے ۔
مبشر لقمان کا مزید کہنا تھا کہ احمد تھیلیسیمیا سنٹر میں ابھی سہولیات دیکھیں جو بچوں کو دی جا رہی ہیں، شاندار انداز میں ان کا علاج جاری ہے، یہ معاشرے کے شہری بنیں گے اوردعائیں دیں گے۔ اپنی مدد آپ کے تحت کام یہ بہت بڑی کامیابی ہے۔ یہاں دیکھ کر یہ حوصلہ ہوا کہ ہر جگہ جہاں محرومیاں ہیں وہاں لوگوں کو احساس بھی ہے کہ عوام کے لیے کچھ کرنا ہے ۔ دو سال بعد قصور سے بھی بچے یہاں آئیں گے کیونکہ قصور والوں نے بھی کچھ نہیں کیا. بچوں کی خدمت کرنے سے ہی رب راضی ہوتا ہے. احمد تھیلسیمیا سنٹر نے جس نیک کام کا بیڑا اٹھایا عوام ان کے ساتھ بھر پور تعاون کرے تا کہ انکا مشن کامیابی سے جاری و ساری رہے.