سینئر صحافی و اینکر پرسن،سی ای او باغی ٹی وی مبشر لقمان کو ان کی صحافتی خدمات کے اعتراف میں لائف اچیومنٹ ایوارڈ سے نواز دیا گیا۔

ایوارڈ کی یہ پروقار تقریب لاہور کے ایک مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی، جس میں صحافی برادری، کاروباری شخصیات، دانشوروں اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ایوارڈ سی ای او ایونٹس میڈیا سید نسیم نقوی اور صدر ویلنیس کلب آف پاکستان ڈاکٹر اظہار خان نے مبشر لقمان کو پیش کیا۔ اس موقع پر شرکاء نے ان کی قومی سطح پر خدمات، تحقیقاتی صحافت اور بے باک اندازِ گفتگو کو خراجِ تحسین پیش کیا۔نسیم نقوی اور ڈاکٹر اظہار خان نے اپنی گفتگو میں مبشر لقمان کی صحافتی خدمات پر انہیں سراہا،تقریب میں اسٹیج سیکرٹری کے فرائض اینکر پرسن ٹی وی ٹوڈے عابد نصیر نے سرانجام دیئے.

پاکستان میں لیجنڈ بننے کے لیے اکثر مرنا پڑتا ہے،مبشر لقمان
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مبشر لقمان نے تقریب کے انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ میں یہاں کئی اہم شخصیات سے ملا ہوں، راشد صاحب، غلام محی الدین صاحب، یہ ہمارے زندہ لیجنڈز ہیں۔ ہمارے ہاں لیجنڈ بننے کے لیے اکثر مرنا پڑتا ہے۔ دکھ اس بات کا ہے کہ ایسے لوگوں کو 14 اگست کے موقع پرتمغہ امتیاز ملنا چاہئے، جو بدقسمتی سے نہیں ملتے۔ اس کا مطلب ہے کہ حکومت میں لسٹیں بنانے والے لوگ اندھے، گونگے اور بہرے ہیں۔

مبشر لقمان نے کہا کہ پاکستان اس وقت جمود کا شکار ہے اور معاشی سرگرمیوں کو مضبوط بنائے بغیر مثبت تبدیلی ممکن نہیں۔اچھی خبر اُس وقت آئے گی جب کاروباری افراد کو آزادی سے کام کرنے کا موقع ملے گا، جب ایکسپورٹ بڑھے گی، آئی ٹی اور ٹیکنالوجی کے شعبے آگے آئیں گے۔ ملک تب آگے بڑھے گا جب نوجوانوں اور بزنس کمیونٹی کو سپورٹ ملے گی

پاکستانی قوم نے متحد ہو کر مودی کو سرنڈر کروایا،مبشر لقمان
مبشر لقمان نے افواج پاکستان کی خدمات کو سراہتے ہوئے چھ سے دس مئی کے دوران پاکستانی عوام کے مثالی کردار کا ذکر کیا۔ ان کا کہنا تھا ان دنوں نوجوانوں نے ڈرونز کا پیچھا کیا، ذمہ داری کا ثبوت دیا۔ ایک ویڈیو بھی ایسی نہیں آئی جس میں فوج حرکت کرتی دکھائی دے۔ اس کے برعکس بھارتی میڈیا نے جھوٹی خبریں چلائیں، لیکن پاکستانیوں نے ایک قوم بن کر میمز کے ذریعے دنیا کو سچ دکھایا۔ ہم اس لیے جیتے کیونکہ قوم متحد تھی اور سب نے فیصلہ کیا تھا کہ مودی کو سرنڈر کروانا ہے اور کروایا۔ ہم ملک کو آگے لے کر جا سکتے ہیں، پاکستان کی ترقی کا راستہ میرٹ، کاروباری آسانیوں اور نوجوانوں کی سرپرستی سے ہو کر گزرتا ہے۔اگر آج فیصلہ کر لیں کہ ہم بزنس مین کا ہاتھ بٹائیں گے، نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کریں گے اور میرٹ پر فیصلے ہوں گے، تو ملک خودبخود ترقی کرے گا۔ عدلیہ اور میڈیا ٹھیک ہو جائیں تو پاکستان آگے بڑھ سکتا ہے

مبشر لقمان نے ماحولیاتی بحران، پانی کی قلت اور شجرکاری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہاموسمیاتی تبدیلی ایک بڑا بحران ہے۔ ہم سب کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ ہر سڑک، انٹرچینج یا ہسپتال کا نام نواز شریف رکھنے سے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ ناموں سے باہر نکل کر ملک کے لیے سوچنا ہوگا۔ہر شہری پانی کا کم استعمال کرے اور شجر کاری مہم میں حصہ لے.

Shares: