کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں ہونے والی مبینہ کروڑوں روپے کی چوری کی واردات کا ڈراپ سین ہوگیا۔ پولیس نے انکشاف کیا ہے کہ مدعی اور اس کے منہ بولے چچا خود ہی واردات میں ملوث نکلے، جنہوں نے چالاکی سے رقم، موبائل فون اور طلائی زیورات کو غائب کر کے چوری کا ڈرامہ رچایا تھا۔
پولیس کے مطابق 16 جولائی کو سرجانی ٹاؤن سیکٹر 4 میں واقع ایک گھر میں بڑی مالیت کی چوری کی اطلاع موصول ہوئی۔ ابتدائی شکایت میں مدعی نے دعویٰ کیا تھا کہ نامعلوم چور اس کے گھر سے تقریباً 4 سے 5 کروڑ روپے مالیت کی رقم اور زیورات لوٹ کر فرار ہو گئے ہیں۔مدعی کے مطابق واردات میں چور 15 تولے کے 15 طلائی بسکٹ، بھاری نقدی، اور قیمتی موبائل فون لے گئے۔ تاہم تفتیش کے دوران پولیس کو شک ہوا کہ واردات میں اندرونی افراد کا ہاتھ ہوسکتا ہے۔
مزید تحقیقات میں یہ انکشاف ہوا کہ اصل میں صرف 25 لاکھ روپے کی رقم خردبرد کی گئی تھی، جسے مدعی کے منہ بولے چچا نے بڑھا چڑھا کر 4 سے 5 کروڑ روپے ظاہر کیا۔ یہ بھی معلوم ہوا کہ طلائی بسکٹ کا دعویٰ بھی جھوٹ پر مبنی تھا۔پولیس کے مطابق مدعی اور اس کے منہ بولے چچا نے خود ہی رقم اور دیگر قیمتی اشیاء کو چھپا کر جھوٹی ایف آئی آر درج کروائی تھی تاکہ کسی اور کو مورد الزام ٹھہرایا جا سکے یا کوئی ذاتی مفاد حاصل کیا جا سکے۔
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مدعی اور اس کے شریک سازشی چچا کو گرفتار کر لیا ہے اور ان کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس کیس میں مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں اور واردات کے تمام پہلوؤں کی گہرائی سے تفتیش کی جا رہی ہے۔