پاکستان اسلامک کونسل کے چیئرمین اور جامعہ سعیدیہ سلفیہ کے پرنسپل ڈاکٹر حافظ مسعود اظہر نے سعودی عرب کے مفتیِ اعظم، عالمِ ربانی شیخ عبدالعزیز بن عبداللہ آل الشیخ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امت مسلمہ قرآن وسنت کے ایک عظیم داعی ،عالم باعمل ، محسن، رہبر اور مربی سے محروم ہوگئی ہے۔ یہ سانحہ ایسا ہے جس نے دلوں کو لرزا دیا اور آنکھوں کو اشکبار کر دیا ہے۔ مفتیِ اعظم الشیخ عبدالعزیزمرحوم نے اپنی پوری زندگی قرآن و سنت کی ترجمانی، شریعتِ مطہرہ کے اصولوں کی حفاظت اور امت کی رہنمائی میں بسر کی۔ وہ ایک ایسے جید عالمِ دین تھے جنہوں نے اپنے تقویٰ،فتوئوں ، فیصلوں ، اخلاص، سادہ طرزِ حیات اور غیر معمولی علمی بصیرت سے مسلمانوں کے دلوں کو منور کیا۔ ان کے خطبات و فتاویٰ نہ صرف سعودی عرب بلکہ دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے ہمیشہ رہنمائی کا ذریعہ رہے ہیں۔ مرحوم کی شخصیت میں متواضع مزاجی، خشیتِ الٰہی اور خلوص جھلکتا تھا۔ وہ ہمیشہ امت کو اتحاد، یکجہتی اور قرآن و سنت کی پابندی کی طرف بلاتے رہے۔ ان کی وفات سے صرف سعودی عرب ہی نہیں بلکہ پورا عالم اسلام یتیم ہوگیا ہے۔ڈاکٹر مسعود اظہر نے کہا کہ موجودہ دور میں جبکہ اسلام دشمن طاقتیں مختلف محاذوں پر سرگرم ہیں اور نوجوان نسل فکری یلغار کا شکار ہے، ایسے میں مفتیِ اعظم جیسی شخصیت کا بچھڑ جانا ایک بہت بڑا سانحہ اور ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ گوکہ آج مفتی اعظم ہم سے جدا ہوچکے ہیں تاہم ان کا چھوڑا ہوا علمی ورثہ، تعلیمات اور نصیحتیں ہمیں ہمیشہ ان کی یاد دلاتی رہیں گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اسلامک کونسل اور جامعہ سعیدیہ سلفیہ کی جانب سے میں شیخ عبدالعزیز بن عبداللہ آل الشیخ کی جلیل القدر خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں اور سعودی عوام، مرحوم کے اہلِ خانہ اور پوری امت مسلمہ سے دلی تعزیت کرتا ہوں۔ دعا ہے کہ اللہ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، ان کی مغفرت فرمائے اور ان کے علم و عمل کو صدقہ جاریہ بنائے آمین ثم آمین ! ۔

مفتیِ اعظم شیخ عبدالعزیز بن عبداللہ آل الشیخ کی وفات پر حافظ مسعود اظہر کا اظہار افسوس

ممتاز حیدر3 ہفتے قبل

کی طرف سے پوسٹ کیا گیاممتاز حیدر
ممتاز حیدر اعوان ،2007 سے مختلف میڈیا اداروں سے وابستہ رہے ہیں، پرنٹ میڈیا میں رپورٹنگ سے لے کر نیوز ڈیسک، ایڈیٹوریل،میگزین سیکشن میں کام کر چکے ہیں، آجکل باغی ٹی وی کے ساتھ بطور ایڈیٹر کام کر رہے ہیں
Follow @MumtaazAwan