گوجرانوالہ ،باغی ٹی وی( نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی): استاذ العلما مفتی ڈاکٹر علامہ محمد رمضان سیالوی نے کہا کہ کتاب کی اہمیت و فضیلت کے مطابق اسے پڑھانے والے کی بھی عزت ہوتی ہے۔ قرآن پاک، جو اللہ کے آخری نبی محمد صلی اللہ علیہ وسلم پر نازل ہوا، تمام کتابوں سے افضل ہے، اس لیے اسے پڑھانے والے بھی بہترین ہیں۔
یہ بات انہوں نے گزشتہ رات جامعہ انوار قمرہہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں علامہ منظور قادر سیالوی، حافظ علی رضا سیالوی، مفتی محمد اشفاق قمر سیالوی، علامہ عدنان سیالوی اور دیگر غلامانِ پیر سیال بھی شریک تھے۔
مفتی محمد رمضان سیالوی نے حدیث کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "تم میں بہترین شخص وہ ہے جس نے قرآن سیکھا اور دوسروں کو سکھایا” (بخاری، حدیث 410/3)۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک اور حدیث کے مطابق "جو شخص اپنے بیٹے کو قرآن سکھائے، اس کے اگلے پچھلے گناہ معاف کر دیے جاتے ہیں” (مجمع الزوائد، حدیث 11471)۔
انہوں نے زور دیا کہ قرآن پاک سیکھنے اور سکھانے کے ساتھ اس پر عمل کرنا بھی ضروری ہے، کیونکہ اس کا مکمل فائدہ عمل سے ہی ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن پر عمل کرنا ہی اسے سیکھنے کا اصل مقصد ہے، اور یہی دنیا و آخرت کی کامیابی کا ذریعہ ہے۔ تقریب سے علامہ منظور قادر سیالوی، حافظ علی رضا سیالوی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔








