تلہ گنگ ،باغی ٹی وی(شوکت ملک سے) تلہ گنگ کا بہادر سپوت مادر وطن پر قربان، کیپٹن محمد احمد بدر شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کے ساتھ بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے شہید،
تفصیلات کے مطابق شہیدوں اور غازیوں کی سر زمین تلہ گنگ ٹمن کا بہادر سپوت مادر وطن پر قربان ہوگیا۔ کیپٹن محمد احمد بدر شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کے ساتھ بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرگئے۔
شہید کیپٹن محمد احمد بدر کا تعلق ٹمن سے ہے، جوکہ کرنل ریٹائرڈ بدرالدین ٹمن کے اکلوتے صاحبزادے ہیں۔ جوکہ پانچ بہنوں کے اکلوتے بھائی بھی تھے، شہید کیپٹن محمد احمد بدر کی نماز جنازہ کل بروز اتوار آبائی علاقے ٹمن میں ادا کی جائے گی۔
جس کے بعد ان کو پورے فوجی اعزاز کیساتھ سپردِ خاک کردیا جائے گا۔ علاقہ بھر کی سرکردہ شخصیات نے کیپٹن احمد بدر شہید کی وطن کی حفاظت کےلیے دی جانے والی عظیم قربانی کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں دہشتگردوں نے سکیورٹی چیک پوسٹ پر حملہ کیا جس میں دہشتگردوں نے بارود سے بھری گاڑی چیک پوسٹ سے ٹکرادی جب کہ گاڑی کی چیک پوسٹ کو ٹکر کے بعد متعدد خودکش حملے کیے گئے ، ان خودکش حملوں کے نتیجے میں عمارت کا ایک حصہ گرگیا جس کے نتیجے میں 5 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خودکش حملوں کے بعد لیفٹیننٹ کرنل کاشف کی قیادت میں کلیئرنس آپریشن کیا گیا جس میں تمام 6 دہشتگردوں کو جہنم واصل کردیا گیا جب کہ آپریشن کے دوران فائرنگ کے شدید تبادلے میں لیفٹیننٹ کرنل کاشف اور کیپٹن احمد بدر شہید ہوگئے۔








