نہ اضطراب نہ غوغائے گریہ و ماتم
شہاب غم بھی مجھے بے قرار کر نہ سکے

انجم عثمان

اصل نام : انجم
والد کا نام:احمد علی
والدہ کا نام:رئیسہ خاتون
شوہر کا نام:مرزا عثمان علی بیگ
اولاد:دو بیٹے، دوبیٹیاں
آبائی وطن:پاکستان
جائے ولادت:کراچی، پاکستان
تاریخ پیدائش : 25 مارچ : 1968
تعلیم:ایم ایس سی (کیمسٹری)
پیشہ:خاتونِ خانہ
زبان:اردو
اصناف:غزل، نظم، حمد، نعت، منقبت
تصنیفات
۔۔۔۔۔۔
۔ (1)العطش(شعری مجموعہ)
۔ (2)ناشنیدہ (شعری مجموعہ)
آغازِ شاعری:1965
ایوارڈ : بیشمار
پتا:کلفٹن ، کراچی، پاکستان

غزل
۔۔۔۔۔
زر غبار کو آئینہ بار کر نہ سکے
نقوش عکس کو تصویر یار کر نہ سکے
ہے وحشتوں کا تلاطم پسِ نوائے سکوت
میان موجۂ گل ذکر یار کر نہ سکے
نہ اضطراب، نہ غوغائے گریہ و ماتم
شہاب غم بھی مجھے بے قرار کر نہ سکے
ٹپک نہ چشمِ ہم آہنگ سے اے قطرۂ خوں
کہ چارہ گر بھی تجھے شرمسار کر نہ سکے
ستارہ گیر تھا رخشِ ہنر مگر پھر بھی
طلسم حسن سخن بے کنار کر نہ سکے
ہزار زاویۂ حرف آشکار کیے
قبائے سرو غزل زرنگار کر نہ سکے

اشعار
۔۔۔۔۔
جب کسی شعر میں پوشیدہ بھنور کُھلتے ہیں
تب کہیں جا کے طلسمات کے در کُھلتے ہیں

نشانِ راہ تھے افلاک راستے میں فقط
غبارِ جاں تو نجانے کہاں کہاں پہنچا

آئینۂ عالم کی خبر دیکھ رہے ہیں
ناپید سے پیدا کا سفر دیکھ رہے ہیں

یہ دیر و حرم ،گرجا و صومعہ کیوں !
خرابہ ،خرابات از کار رفتہ

شیشۂ خوش نظر سے پی بادۂ عشق ،ہاں مگر
میکدۂ نشاط میں تذکرۂ سبو نہ کر

Shares: