حافظ آباد (خبر نگار شمائلہ) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد ندیم انصاری نے علی پور چٹھہ کے علاقہ برج تاشہ میں ہونے والے دو سگے بھائیوں اور بیٹے کے مشہور قتل کیس کا فیصلہ سنا دیا۔ عدالت نے مجرم نعمان حیدر کو 3 مرتبہ سزائے موت کا حکم سنایا ہے۔
عدالت نے مجرم کو لواحقین کو 10 لاکھ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔ ہرجانے کی عدم ادائیگی پر مجرم کو مزید 6 ماہ قید بھگتنا ہوگی۔ واضح رہے کہ مجرم کے خلاف قتل کی دفعات کے تحت 29 جون 2023 کو مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
وزیرآباد کے تھانہ علی پور چٹھہ میں اوباش نوجوان نعمان حیدر نے فائرنگ کرکے افتخار احمد چٹھہ، ان کے بیٹے سعد بن افتخار چٹھہ اور بھائی منور چٹھہ کو قتل کر دیا تھا۔ یہ واقعہ نواحی گاؤں برج تاشہ میں پیش آیا تھا۔
پولیس حکام کے مطابق ملزم نعمان حیدر اپنی موٹر سائیکل پر منور چٹھہ کو ڈیرے پر لایا، جبکہ اس کے بھائی افتخار چٹھہ کو پہلے ہی ڈیرے پر بلایا ہوا تھا۔ ملزم نے دونوں بھائیوں کو یکے بعد دیگرے فائرنگ کر کے قتل کیا۔ فائرنگ کی آواز سن کر افتخار چٹھہ کا بیٹا سعد چٹھہ ڈیرے پر پہنچا تو ملزم نے اس پر بھی گولیوں کی بوچھاڑ کر دی۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ مقتول سعد چٹھہ نے سی ایس ایس کا امتحان پاس کر رکھا تھا اور کچھ ہی عرصہ میں اسسٹنٹ کمشنر کے طور پر چارج لینے والا تھا۔ دوسری جانب ملزم نعمان 6 سال قبل اپنے والد سرفراز چٹھہ کو بھی رات کی تاریکی میں فائرنگ کر کے قتل کر چکا ہے۔








