میرپور ماتھیلو (نامہ نگار مشتاق علی لغاری) درجنوں مقدمات میں ملوث بدنام مجرم نے خود کو پولیس کے حوالے کر دیا
ضلع گھوٹکی میں تعینات ایس ایس پی ڈاکٹر سمیع اللّٰہ سومرو کی جانب سے جرائم پیشہ عناصر کو جرم ترک کرکے خود کو قانون کے حوالے کرنے کی رعایت کی پیشکش کے بعد جرائم کی دنیا میں مشہور درجنوں مقدمات میں ملوث مجرم محمد نواز عرف نوازو سمیجو نے خود کو پولیس کے سامنے پیش کردیا۔
گھوٹکی میں دہشت کی علامت سمجھے جانے والے نواز عرف نوازو سمیجو کے خلاف اغواء برائے تاوان، قتل، ڈکیتی، چوری اور پولیس مقابلوں سمیت سنگین نوعیت کے مقدمات درج تھے۔ نوازو سمیجو نے ڈی ایس پی میرپور ماتھیلو عبدالقادر سومرو کے روبرو سرنڈر کرتے ہوئے کہا کہ ایس ایس پی کے پیغام اور پولیس کے سخت اقدامات کے باعث اس نے جرم کی دنیا چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ضلع گھوٹکی میں پولیس کی مجرموں کے خلاف کاروائیاں جاری ہیں جبکہ مزید جرائم پیشہ عناصر کی گرفتاری متوقع ہے۔