عزم استحکام کی مخالفت کرنیوالے کس کی خدمت کر رہے ؟تجزیہ ،شہزاد قریشی

qureshi

ملکی و قومی سلامتی کے پیش نظر جب سے عزم استحکام کا ذکر ہوا ہمارے کچھ سیاستدانوں نے اپنے ہی قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف زہر اگلنا شروع کردیا ہے جسے کسی بھی زاویئے سے درست قرار نہیں دیا جا سکتا تاہم سینیٹر عرفان صدیقی کے مطابق سابق وزیراعظم میاں محمد نوازشریف نے آپریشن عزم استحکام کی مکمل حمایت کا اعلان کردیا ہے، ملک و قوم کی سلامتی کے حوالے سے نوازشریف کے فیصلہ کو درست قرار دیا جا سکتا ہے دوسری طرف سوشل میڈیا اور کچھ دانشوروں کو بھی اس آپریشن عزم استحکام پر تنقید کا موقع مل گیا ہے ،دنیا بھرکے ممالک کے اپنے داخلی و خارجی ضوابط ہوتے ہیں جن کو مدنظر رکھتے ہوئے وہاں کا میڈیا ضوابط کار کے مطابق عمل کرتا ہے مگر ہمارا میڈیا معاشرتی قانونی و اخلاقی حدود پھلانگ کر بریکنگ نیوز کی دوڑ میں ملکی سلامتی کو پس پشت ڈال چکا ہے سلامتی امور اور خارجہ سطح کے معاملات اس قدر حساس ہوتے ہیں کہ اس موضوع پر بولنے اور لکھنے سے قبل سو بار سوچنا پڑتا ہے ملکی و قومی سلامتی کو مدنظر رکھ کر بولنا اور لکھنا پڑتا ہے، ملک دشمن طاقتوں نے پاکستان کو چاروں اطراف سے ہر محاذ پر گھیر رکھا ہے ایسے نازک موقع پر پاک افواج اور جملہ اداروں کی کردار کشی کرنے والے کون سی اور کس کی خدمات سرانجام دے رہے ہیں؟

وطن عزیز میں گزشتہ چند ماہ سے دہشت گردوں کے حملے بڑھتے جا رہے ہیں بالخصوص دہشت گردوں کے نشانے پر دو صوبے ہیں بلوچستان اور کے پی کی سرحدیں افغانستان سے ملتی ہیں دہشت گرد حملہ کر کے افغانستان چلے جاتے ہیں افغانستان میں ان کی پشت پناہی بھارت کی خفیہ ایجنسی راکرتی ہے پاکستان میں چین کئی اہم منصوبوں پر کام کر رہا ہے سب سے بڑا منصوبہ سی پیک ہے جس پر کبھی کام رک جاتا ہے اور کبھی شروع ہو جاتا ہے سی پیک منصوبہ پاکستان کے لئے بڑی اہمیت رکھتا ہے چین کے بعد کئی ممالک سرمایہ کاری کرنے پر رضامند ہیں 2040ء میں چین سی پیک کےتحت ٹرین کا نیا نظام قائم کرے گا، ملک دشمنوں کو یہ منصوبہ ایک آنکھ نہیں بھاتا پاک فوج اور جملہ ادارے ہر قیمت پر اس منصوبے کا دفاع کرنے کے پابند ہیں چینی انجینئروں اور ماہرین کا دفاع بھی پاکستان نے کرنا ہے، اس منصوبے سے وطن عزیز کی معیشت مستحکم ہوگی تو عوام خوشحال ہونگے لہٰذا ملکی معیشت کو مستحکم کرنے کے لئے آپریشن عزم استحکام ہی آپشن ہے کوئی دوسرا راستہ نہیں، ملک و قوم کی خدمت کا نعرہ لگانے والے سیاستدان موجودہ حالات جس سے پاکستان اور عوام دونوں سفر کر رہے ہیں آپریشن عزم استحکام کی مخالفت کر کے وہ کس کی ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں؟

Comments are closed.