نواز شریف کے ترقیاتی منصوبے ہی ہمارا منشور ہیں، جنوبی پنجاب کی حقیقی معنوں میں خدمت کرنے والے نوازشریف ہیں، ہم نے جو منصوبہ لاہور میں بنایا وہ ملتان تک بھی پہنچایا، وہاڑی میں میڈیکل کالج بنائیں گے۔ چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن مریم نواز نے کہا کہ یہاں نوجوانوں کو بڑی تعداد میں دیکھ کر بہت خوشی ہو رہی ہے، میں سب کو سلام پیش کرتی ہوں، بہت تکلیف ہوتی ہے جب کسی بے روزگار نوجوان کو ہاتھ اٹھاتے دیکھتے ہیں، آپ شیر کو ووٹ دیں گے تو ن لیگ کامیاب ہوکر دن رات آپ کی خدمت کرے گی۔بورے والا میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ پنجاب آکر نواز شریف پر تنقید کرنے والے جہاں بھی جاتے ہیں ان کے دائیں بائیں ن لیگ کے منصوبے ہوتے ہیں، وہ جہاں سے آئے ہیں وہاں اسکولوں میں مویشی بندھے ہوتے ہیں۔رہنما مسلم لیگ ن نے مزید کہا کہ ہم ہر ضلع میں دانش اسکول بنائیں گے، روٹی، چینی، آٹا، دالوں کی قیمتیں کم کرنا ہماری ذمہ داری ہے اور یہ ہی ہمارا منشور ہے۔مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ عثمان بزدار کو کوئی نہیں جانتا تھا تو وہ لوگوں کو کہتے تھے کہ وہ پنجاب کے شہباز شریف لگے ہوئے ہیں۔
نہوں نے کہا کہ نواز شریف اگر 3 سال میں 22 گھنٹے ہونے والی لوڈ شیڈنگ کو ختم کر سکتے ہیں تو اس کے پیچھے اللہ کا فضل، ان کی محنت، آپ سے محبت کارفرما ہے، جنوبی پنجاب والوں سے کہنا چاہتی ہوں کہ مسلم لیگ ن واحد جماعت ہے جس نے حقیقی معنوں میں یہاں کی دل سے خدمت کی ہے۔چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن نے کہا کہ بڑے بڑے لوگ یہاں آئے اور جنوبی پنجاب کے نام پر بے وقوف بنا کر چلے گئے، 2013ء ، 2017ء کے جنوبی پنجاب کا موازنہ کرلیں اور آج کی صورت حال دیکھ لیں تو آپ کو فرق نظر آئے گا اور پتہ چل جائے گا کہ نوازشریف اور شہبازشریف نے یہاں آپ کی خدمت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کا منشور کل جاری کردیا جائے گا، ہمارا منشور بالکل واضح ہے، ہر شہر کی ترقی، ہر گاؤں کی ترقی، کسانوں کی ترقی، ہسپتال، مفت دوائیں، طبی سہولیات، تعلیم مفت اور عام تعلیمی اداروں کا قیام، ہر ڈسٹرکٹ میں دانش سکول بنانا، موٹر وے کا جال بچھانا، بجلی کے بلوں کو کم کرنا، گیس فراہم کرنا، روٹی اور آٹا سستا کرنا، سبزی، گوشت دالیں سستی کرنا، یہ سب ہماری ذمہ داری ہے، یہی ہمارا منشور ہے۔
Shares: