لاہور: مختلف حادثات میں 8 افراد ہلاک ،3ز خمی ہو گئے-
باغی ٹی وی : موٹر وے کوٹ عبد المالک انٹر چینج کے قریب بس اور مسافر وین کے درمیان تصادم سے 5 افراد جاں بحق ہوگئے،ریسکیو ذرائع کے مطابق مسافر وین کوہاٹ سے لاہور جارہی تھی کہ موٹر وے کوٹ عبد المالک انٹر چینج کے قریب تیز رفتار بس نے مسافر وین کو ٹکر ماری تصادم کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 10 شدید زخمی ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 60 سالہ امان خان، 71 سالہ بہرام خان، 73 سالہ حضور محمد، 63 سالہ فرید خان اور54 سالہ محمد ایوب کے نام سے ہوئی ہے جب کہ زخمیوں اور ڈیڈ باڈیز کو جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
دوسری جانب گھوٹکی ٹول پلازہ کے قریب مسافر گاڑیوں پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کردی،پولیس کے مطابق ڈاکوؤں نے فائرنگ لوٹ مار کیلئے کی جس کے نتیجے میں ایک خاتون سمیت 3 مسافر زخمی ہوگئے ڈاکوؤں کی فائرنگ سے متعدد گاڑیوں کے ٹائر برسٹ ہوگئے جب کہ مسافروں سے لوٹ مار کرنے کے بعد ڈاکو فرار ہوگئے ڈاکوؤں کا تعاقب جاری ہے اور ان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
ادھر کراچی ماڈل کالونی روڈ پر واٹر ٹینکر نے موٹرسائیکل کو ٹکر ماردی جس کے نتیجے میں 3 بھائیوں سمیت 4 افراد زخمی ہوگئےپولیس کے مطابق 2 بھائی اسپتال پہنچنے سے قبل دم توڑ گئے جب کہ تیسرا زخمی حالت میں زیر علاج ہے، حادثے کے بعد واٹر ٹینکر کا ڈرائیور فرار ہوگیا تھا جسے گرفتار کرکے ماڈل کالونی تھانے منتقل کردیا گیا ہے جب کہ واٹر ٹینکر بھی ماڈل کالونی پولیس کی تحویل میں ہے۔
پولیس کے مطابق چاروں افراد ایک ہی موٹر سائیکل پر سفر کررہے تھے، حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں 9سالہ طلحٰہ اور 11سالہ شاہ محمد شامل ہیں جب کہ تیسرا بھائی 10سالہ ارحم اور 25سالہ بابر نامی نوجوان زخمی ہے، اہلخانہ بچوں کی میتیں لے کر آبائی علاقے مانسہرہ روانہ ہوگئے جہاں سے واپسی پر واقعہ کا مقدمہ درج کرائیں گے۔
لاہور میں خاتون نے ایک شخص کو گھر بلانے کے بعد تشدد کرکے موت کے گھاٹ اتاردیا۔
پولیس کے مطابق لاہور کے علاقے شاہدرہ ٹاؤن میں خاتون بشریٰ نے 45 سالہ عابد کو گھر بلا کر قتل کردیا اور مقتول کی تشدد زدہ لاش گندے نالے سے ملی،ملزمہ نے ساتھیوں کی مدد سے لاش نالے میں پھینکی تھی، سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ملزمہ کوپکڑ لیا ہے۔
دوسری جانب مزنگ کے علاقے میں ایک شخص نے تعزیت کیلئے آئے کزن کو معمولی جھگڑے پر قتل کردیا، پولیس کے مطابق زوہیب نامی شخص اپنی ممانی کے انتقال پر تعزیت کیلئے عادل سعید کے گھر آیا جہاں معمولی جھگڑے پر عادل نے زوہیب کو قتل کردیا جب کہ واردات کےبعد ملزم فرار ہوگیا۔