مختار جاوید فافن کے نئے چیئرپرسن منتخب
ملک کے نامور اور تجربہ کار سول سوسائٹی ایکٹوسٹ مختار جاوید ،3 برس کیلئے فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک ( فافن ) کے نئے چیئرپرسن منتخب ہوگئے ہیں ۔
فافن کی 20 رکنی نیشنل کونسل نے ووٹنگ کے ذریعے ان کا انتخاب کیا ۔ الیکشن کے بعد مختار جاوید نے اپنے عہدے کا حلف بھی اٹھالیا ۔ فافن چیئرپرسن عہدہ سے سبکدوش ہونے والی محترمہ مسرت قدیم اور کونسل کے دیگر 18 ارکان نے انہیں فافن کا نیا چیئرپرسن بننے پر مبارکباد دی ۔ مختار جاوید ملک کے نامور اور تجربہ کار سول سوسائٹی ایکٹوسٹ ، شاعر اور لکھاری ہیں ، وہ فافن کے بانی رکن بھی ہیں ۔ اپنے 30 سالہ پیشہ ورانہ کیرئیر میں وہ جمہوریت کے مقصد ، پائیدار ترقی اور شمولیت والی حکمرانی کے داعی رہے ہیں ۔
اپنے انتخاب کے بعد مختار جاوید کا کہنا تھا کہ وہ انتخابی ، قانون سازی اور لوکل گورننس میں مزید اصلاحات کیلئے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائیں گے ، یہ اصلاحات پاکستان میں جمہوری استحکام کیلئے ناگزیر ہیں ۔ انہوں نے فافن نیٹ ورک کی بنیادی قدر ” غیر جانبداری ” کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا جوکہ اس نے تحقیق ، ایڈووکیسی کے ذریعے ملک کے انتخابی فریم ورک کو مزید شمولیت پر مبنی اور حقیقی نمائیندہ بنانے کیلئے کاوشوں سے حاصل کی ۔ انہوں نےسیاسی پولرائزیشن والے برسوں کے چیلنجز پر مبنی ماحول میں فافن کی ساکھ ایک غیر جانبدار سول سوسائٹی نیٹ ورک کے طور پر قائم رکھنے پر سبکدوش ہونے والی چیئرپرسن مسرت قدیم کومبارکباد دی ۔ فافن کونسل نے اس موقع پر نو منتخب چیئرپرسن کے ان خیالات کی بھرپور حمایت کی جن کا انہوں نے سبکدوش ہونے والی چیئرپرسن کیلئے اظہار کیا اور جس میں فافن کیلئے مسرت قدیم کی انتھک کاوشوں اور خدمات کا اعتراف کیا گیا تھا