وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ بھارت کو اس بات کا غرور تھا کہ اس کے دنیا بھر سے تعلقات بہتر ہیں، تاہم بدلتی عالمی صورتحال نے ثابت کر دیا ہے کہ حق اور اصولوں پر مبنی مؤقف ہی دیرپا ہوتا ہے۔

مزارِ قائد پر حاضری کے بعد گورنر سندھ اور صوبائی کابینہ کے ارکان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پاکستان نے 2025 میں مختلف شعبوں میں اہم کامیابیاں حاصل کیں اور اب ملک 2026 کی مزید کامیابیوں کی جانب بڑھ رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ترقی اور استحکام کے سفر کو جاری رکھنے کے لیے قومی یکجہتی ناگزیر ہے،سید مراد علی شاہ نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ملک کی بہتری کے لیے سیاسی، معاشی اور سماجی سطح پر ہم سب کو متحد ہو کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ صرف باہمی اتحاد، برداشت اور مشترکہ حکمتِ عملی کے ذریعے ہی کیا جا سکتا ہے۔

قومی ایئر لائن کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ یہ خوش آئند امر ہے کہ قومی ایئر لائن کی نجکاری عمل میں آئی، تاہم اس بات کو یقینی بنایا جانا چاہیے کہ ایئر لائن کے ملازمین کے حقوق اور روزگار کا مکمل تحفظ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نجکاری کا مقصد اداروں کی بہتری اور قومی معیشت کو مضبوط بنانا ہے، نہ کہ ملازمین کو غیر یقینی صورتحال سے دوچار کرنا،

اس سے قبل وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کے مزار پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر مزارِ قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پُروقار تقریب بھی منعقد ہوئی، جس میں نظم و ضبط اور قومی وقار کی جھلک نمایاں تھی،وزیراعلیٰ سندھ نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلم بند کرتے ہوئے قائداعظمؒ کی جدوجہد اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ سندھ حکومت قائداعظم کے اصولوں پر عمل کرتے ہوئے عوامی خدمت کا سفر جاری رکھے گی۔

Shares: