پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیر اعظم محمد نوازشریف نے ملک میں بجلی کے نرخوں میں ریکارڈ کمی کرنے پر وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور ان کی ٹیم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے اس اقدام کو عوام کے لیے ایک بڑا ریلیف قرار دیا اور کہا کہ یہ فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کی حکومت کی جانب سے کیے گئے انتہائی اہم اور عوامی فلاح کے اقدامات میں سے ایک ہے۔

نوازشریف نے کہا کہ "بجلی کے نرخوں میں کمی نہ صرف گھریلو صارفین کے لیے ایک مثبت قدم ہے بلکہ صنعتی شعبے کو بھی فائدہ ہوگا، جس سے ملک کی معیشت میں بہتری آئے گی اور روزگار کے مواقع بڑھیں گے۔” انہوں نے وزیر اعظم کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی معاشی پالیسیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ "وزیر اعظم شہباز شریف کی کاوشوں سے ملک درست سمت پر گامزن ہوچکا ہے۔”

محمد نوازشریف نے مزید کہا کہ "پاکستان مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں ہمیشہ عوام کو معاشی ریلیف فراہم کیا گیا ہے اور یہ بھی ہمارے دور کا ایک کامیاب پہلو رہا ہے کہ مہنگائی میں مسلسل کمی آئی ہے، جو ہماری بہترین معاشی پالیسیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔” انہوں نے کہا کہ اس طرح کے فیصلے ملکی معیشت کو استحکام فراہم کرتے ہیں اور عوام کی زندگیوں میں بہتری لاتے ہیں۔نوازشریف نے اس بات پر زور دیا کہ "پاکستان مسلم لیگ (ن) کے دور میں ملک میں ترقی کی راہیں کھلی ہیں اور ہم نے ہمیشہ عوامی فلاح کے منصوبوں پر عمل درآمد کیا ہے۔” انہوں نے کہا کہ بجلی کے نرخوں میں کمی سے نہ صرف عوام کو ریلیف ملے گا بلکہ ملکی ایکسپورٹس بھی بڑھے گی جس سے معیشت کو مزید تقویت ملے گی۔نوازشریف نے کہا کہ "پاکستان کی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں۔ ان فیصلوں سے نہ صرف موجودہ حالات میں بہتری آئے گی بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے بھی ترقی کے دروازے کھلیں گے۔”

انہوں نے اپنے بیان کے اختتام پر وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی معاشی پالیسیوں کو سراہا اور یقین ظاہر کیا کہ ملک میں مزید ترقی ہوگی اور عوام کو معاشی استحکام ملے گا۔

Shares: