ملک کے بالائی علاقوں میں بارش اور برف باری کا سلسلہ شروع

0
89

اسلام آباد اورگردونواح میں مطلع ابرآلود ہے اور مزید بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم سرد اورخشک رہا جبکہ بالائی خیبرپختونخوا اورگلگت بلتستان میں بارش ہوئی ۔ملک کے بالائی علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں، جہاں خون جمادینے والی سردی کا ابھی تک راج ہے ، اسکردو میں درجہ حرارت منفی پانچ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر، بالائی خیبر پختونخوا، مری، گلیات، پنجاب میں بارش اور پہاڑوں پربرفباری کا امکان ہے جبکہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک،تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے
محکمہ موسمیات نے مری اور گردونواح میں آج شام کو تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ظاہر کیا ہے۔مری میں گہرے بادلوں کے بعد سردی کی شدد میں اضافہ ہو گیا، ملک بھر سے سیاحوں کی بڑی تعداد بھی ویک اینڈ منانے مری پہنچی ہوئے ہے۔ مری کے تمام سیاحتی مقامات مال روڈ، کشمیر پوائنٹ ، پنڈی پواٸنث، بھوربن پتریاٹہ، نیو مری، نھتیاگلی اور ایوبیہ میں سیاحوں کا غیر معمولی رش ہے، ملک بھر سے آنے والے سیاح برفباری کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔
وادیٔ نیلم کے سیاحتی مقامات پر شدید برف باری اور موسلا دھار بارش سے شاہراہِ نیلم اور رابطہ سڑکوں پر پھسلن سے ٹریفک متاثر ہو گئی۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ مری میں انتظامیہ صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے تیار رہے۔مری میں آج برف باری کے امکانات 70 فیصد ہیں، 22 فروری تک موسم کی صورتِ حال غیر یقینی رہے گی۔
خیبر پختونخوا کے شہری علاقوں میں بارش جبکہ بالائی علاقوں میں برف باری شروع ہوگئی جس کے نتیجے میں طویل خشک سالی کا خاتمہ ہوگیا اور شہریوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ۔بارش اور برفباری کے ساتھ تیز ہوائیں بھی چل رہی ہیں جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا اور جلانے کی لکڑی کی مانگ مزید بڑھ گئی جبکہ بارش کے باعث اکثر علاقوں کی بجلی منقطع ہوگئی ہے۔ترجمان اپرسوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی سعید الرحمان نے کہا ہے کہ مالم جبہ، کالام، گبین جبہ اور دیگر سیاحتی مقامات جانے والے سیاح گاڑیوں میں چین کا استعمال ضرور کریں۔محکمہ موسمیات نے 21 فروری تک بارش اور برف باری کا سلسلہ جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔
ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹرمنجمنٹ اتھارٹی کے مطابق آج لوئر نیلم میں بارش جبکہ بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔شاہراہ نیلم چلہانہ سے کیل تک کھلی ہے تاہم لوات سے آگے روڈ صرف 4×4 گاڑیوں کے لیے موزوں ہے۔محکمہ شاہرات کی مشینری مختلف مقامات پر کھڑی ہے۔ نیلم میں موجود سیاح خیریت سے ہیں۔ ابھی تک کسی بھی قسم کے جانی و مالی نقصان کی کوئی رپورٹ موصول نہیں ہوئی ہے۔

Leave a reply