ملک میں مہنگائی کا ذمہ دار کون ہے؟ شیخ رشید نے بڑا دعویٰ کر دیا
وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ عمران خان کا مقابلہ ان لوگوں سے ہے جن کے ہاتھ گندے ہیں. پی ٹی آئی والے اپنے جھگڑے میڈیا پر نہ لائیں اس سے دکھ ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں مہنگائی زرداری، نوازشریف اور شہبازشریف کی وجہ سے ہوئی ہے.
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر ریلوے نے کہاکہ چوروں اور ڈاکوؤں نے ملک کو نقصان پہنچایا، پاکستان ریلوے ٹھیک ہوگی تو ملک کی معیشت ٹھیک ہو جائے گی، اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ کوئی بغیر ٹکٹ کے سفر نہ کرے۔ عید کے موقع پر بغیر ٹکٹ سفر کرنے والوں سے تین کروڑ روپے جرمانہ وصول کیا گیا.
انہوں نے کہاکہ ہم عوامی نمائندے ہیں اور ہمیں عوام میں رہنا ہے، ہم اعتراف کرتے ہیں کہ ملک میں مہنگائی بڑھی،گیس، بجلی اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، مہنگائی میں اضافہ کی وجہ عمران خان نہیں ہیں.
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عمران خان کا ان سے مقابلہ ہے جن کے ہاتھ گندے ہیں، میں تحریک انصاف کا حصہ نہیں، تحریک انصاف کے معاملات ان ہی سے پوچھے جائیں لیکن پی ٹی آئی والے اپنے جھگڑے میڈیا پر نہ لائیں اس سے دکھ ہوتا ہے۔