پنجاب پولیس کو چار سال سے مطلوب قتل کا ملزم سعودی عرب سے گرفتار کرلیا گیا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایف آئی اے اور انٹرپول نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے اہم اشتہاری ملزم تیمور حسن کو سعودی عرب سے گرفتار کر لیا ہے ملزم گزشتہ چارسال سے پنجاب پولیس کو مطلوب تھا اوراس کی گرفتاری انٹرپول کے جاری کردہ ریڈ نوٹس کے تحت عمل میں آئی۔

محسن نقوی نے بتایا کہ ملزم کو سعودی حکام نے انٹرپول کے ذریعے حوالگی کے عمل کے بعد پاکستان بھیجا، جہاں اسلام آباد ایئرپورٹ پرایف آئی اے امیگریشن عملے نے اسے اپنی تحویل میں لیا،بعدازاں ملزم کو باضابطہ طورپرپنجاب پولیس کے حوالے کر دیا گیا تاکہ اس کے خلاف قانونی کارروائی آگے بڑھائی جا سکے۔

وزیر داخلہ نے ایف آئی اے کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر کی گئی یہ مؤثر کارروائی قابلِ تحسین ہے،انہوں نے ایف آئی اے حکام کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ادارے نے پیشہ ورانہ مہارت اور مؤثر رابطہ کاری سے ایک اہم ملزم کو قانون کے کٹہرے میں لانے میں مرکزی کردار ادا کیا۔

Shares: